جوبلی ہلز میں کانگریس کی تائید ‘ بہار میں مخالفت۔ ماگنٹی سنیتا کے متعلق منفی تبصرے

   

مجلسی کیڈر کو تین انتخابات میں تین جماعتوں کیلئے استعمال کیا گیا ۔ کیڈر غور کرے ۔ شیخ عبداللہ سہیل کا بیان

حیدرآباد25 اکٹوبر(سیاست نیوز)جوبلی ہلز انتخابات مجلس کی کانگریس کو تائید کے دلچسپی کا سبب بننے لگی ہے اور مختلف گوشوں سے مجلس و کانگریس اتحاد پر تبصرے ہونے لگے ہیں ۔ کہا گیا کہ 2سال قبل جو اختلافات تھے وہ ختم ہوچکے ہیں لیکن بہار میں مجلس کانگریس کے خلاف مقابلہ کرکے اپنے اختلافات کو برقرار رکھی ہے۔ جوبلی ہلز میں کانگریس کی مدد کر رہی مجلس کے کیڈر جو اجلاس منعقد کررہے ہیں ان کے دوران بی آر ایس امیدوارہ ماگنٹی سنیتا کو متوفی رکن اسمبلی ماگنٹی گوپی ناتھ کی دوسری بیوی قرار دے کر نشانہ بنارہے ہیں جو نازیباعمل ہے۔ بی آر ایس قائد جناب شیخ عبداللہ سہیل نے ایک بیان میں بتایا کہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں بی آر ایس امیدوارہ کے متعلق نازیبا ریمارکس کرنے والے مجلسی قائدین بالخصوص جوبلی ہلز مجلسی کیڈر کو غور کرنا چاہئے کہ ان کے ساتھ جماعت کا رویہ کیا ہے!جناب شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ 2023 میں جماعت کی ہدایت پر خیریت آباد و دیگر حلقہ اسمبلی میں مجلسی کیڈر نے بی آر ایس کیلئے کام کیا اور اب وہ جماعت کی ہدایت پر کام کر رہے ہیںاس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مجلس کیڈر کا کس طرح استعمال کر رہی ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ کیڈرکی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ قیادت سے استفسار کرے کہ آخر انہیں کیوں ’دربدر ‘ کیا جا رہاہے ؟ جناب عبداللہ سہیل نے بتایا کہ بی آر ایس امیدوارہ کو ان کے متوفی شوہر نے انتخابی حلف نامہ میں بیوی تسلیم کیا اس کے باوجود ان پر الزامات عائد کرکے بدنام کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے جبکہ مجلسی کیڈر جوبلی ہلز میں اگر گذشتہ تین انتخابات کا جائزہ لیا جائے تو 3مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ رہ چکا جس سے ان کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے اور یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جماعت اپنے مفاد کیلئے کیڈر کا کس طرح سے استعمال کرتی ہے۔3