گاندھی بھون میں عوام سے متعلق پروگرام کے بعدڈی سریدھر بابو کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کو کوئی بھی طاقت روک نہیں سکتی۔ کانگریس کا امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ ڈی سریدھر بابو نے آج گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات پروگرام کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں عوام سے جو بھی وعدے کئے تھے، حکومت تشکیل پانے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مالی مسائل کے باوجود عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا گیا ہے جس سے سماج کے تمام طبقات حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ کانگریس حکومت بی سی طبقات کی ترقی اور بہبود کے لئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کر رہی ہے ۔ تعلیم ، ملازمت اور سیاست میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کیا گیا ہے اور امید کی جارہی ہے ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی بی سی طبقات کے حق میں ہوگا۔ کانگریس پارٹی نے جوبلی ہلز اسمبلی انتخاب کے لئے بی سی امیدوار کو ہی انتخابی میدان میں اتارا ہے جس سے بی سی طبقات میں ایک نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے اور ہمیں امید ہے کہ کانگریس کا امیدوار نوین یادو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر ے گا۔ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ کانگریس ضمنی انتخاب میں پہلے ہی کامیاب ہوگئی ہے ۔ رائے دہی صرف ضابطہ کی کارروائی ہے ۔ کانگریس پارٹی اپنی اکثریت بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کا عمل مکمل ہونے سے پہلے ہی اپنی شکست کو قبول کرچکی ہے ۔ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے کانگریس حکومت پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہے جس کا انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو نے کے ٹی آر کی جانب سے کانگریس پر لگائے گئے ووٹ چوری الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی حرکتیں صرف بی آر ایس پارٹی کرتی ہے ، کانگریس عوام کے اعتماد پر بھروسہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی پارٹی نے ووٹ چوری کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔2