23 امیدواروں نے نام واپس لے لئے،تلاشی مہم میں 2.84 کروڑ کی ضبطی: آر وی کرنن
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں جملہ 58 امیدوار میدان میں ہیں۔ پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کی آج آخری تاریخ تھی اور ریٹرننگ آفیسر سائی رام کے مطابق 11 نومبر کی رائے دہی میں جملہ 58 امیدوار میدان میں ہیں ۔ جوبلی ہلز کے ضنی چناؤ کے لئے جملہ 211 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا ۔ 81 امیدوار مقابلہ کے اہل قرار دیئے گئے ۔ ان میں سے آج مختلف پارٹیوں اور آزاد امیدواروں میں جملہ 23 پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری اختیار کی گئی اور انتخابی میدان میں 58 امیدوار ہیں ۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس قدر بڑی تعداد میں امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں۔ 2009 انتخابات میں 13 ، 2014 میں 21 ، 2018 میں 18 اور 2023 میں 19 امیدواروں نے مقابلہ کیا تھا ۔ بی آر ایس رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کے انتقال کے سبب حلقہ میں ضمنی چناؤ مقرر ہے ۔ بڑی تعداد میں آزاد امیدواروں کے علاوہ تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں اور کسانوں نے بڑی تعداد میں پرچہ جات نامزدگی داخل کی جس کے نتیجہ میں امیدواروں کی فہرست 58 تک پہنچ گئی ہے ۔ بعض امیدواروں نے اپنے مسائل کو پیش کرنے کیلئے جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ کو پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایس سی ، ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کیلئے ڈپازٹ کی رقم 5000 روپئے ہے جبکہ عام امیدواروں کیلئے 10,000 روپئے مقرر کئے گئے۔ یاچارم فارما سٹی کے قیام کیلئے اراضی کے حصول سے متاثرہ 10 افراد نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ انہیں شکایت ہے کہ معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ۔ ایس سی زمرہ بندی کے خلاف ایک خصوص طبقہ کی جانب سے 10 پرچہ نامزدگی داخل کئے گئے۔ بیروزگار نوجوانوں کی جے اے سی کی جانب سے 13 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ پنشن کی بروقت ادائیگی میں حکومت کی ناکامی پر 9 سینئر سٹیزنس نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ تلنگانہ جہد کاروں کی جانب سے ایک پرچہ نامزدگی داخل کیا گیا۔ اسی دوران ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنن نے کہا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں جملہ رائے دہندے 401365 ہیں جن میں 208561 مرد اور 192779 خواتین شامل ہیں۔ انتخابی نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد جوبلی ہلز کی فہرست رائے دہندگان میں 2383 رائے دہندوں کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی مہم کے دوران ابھی تک 2.84 کروڑ ضبط کئے گئے ۔ 3.69 لاکھ روپئے مالیتی 512 لیٹر شراب ضبط کی گئی ۔ ہر پولنگ بوتھ میں 3 بیالٹ یونٹس رکھے جائیں گے کیونکہ امیدواروں کی تعداد 58 ہے۔ 1