کانگریس پارٹی میں ضمنی انتخابات کے امیدوار کے مسئلہ پر پھر اختلافات منظرعام پر
حیدرآباد ۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کو لے کر پارٹی کے قائدین میں اختلافات پھر ایک بار منظر عام پر آگئے ہیں۔ کانگریس کے سینئر قائد سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی میں وہ پونم پربھاکر سے کافی سینئر ہیں لیکن انچارج وزیر ٹکٹ کے معاملہ میں جانب دارانہ رویہ اپنا رہے ہیں جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ امیدوار کون ہو گا اس کا فیصلہ پارٹی ہائی کمان کرے گی۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ مقامی امیدوار کو ٹکٹ دینے کا اعلان کرنے کا پونم پربھاکر کو کوئی اخلاقی حق بھی نہیں ہے کیونکہ انہوں نے خود کریم نگر کے بجائے حسن آباد سے مقابلہ کیا ہے جبکہ وہ حیدرآبادی ہیں اور لوک سبھا سکندرآباد سے دو مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز لوک سبھا سکندرآباد کے حدود میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف میرے بیٹے کو راجیہ سبھا کا امیدوار بتاتے ہوئے مجھے ٹکٹ سے محروم کرنے کی کوشش کرنا درست نہیں کیونکہ کانگریس میں ایسے کئی خاندان ہیں جن کا ایک سے زائد ارکان سیاست میں ہیں جس میں اتم کمار ریڈی اور ان کی شریک حیات پدماوتی ریڈی اس کے علاوہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی برادرس، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا ان کے بھائی ملو روی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ جی ویویک ریاستی وزیر ہیں ان کے بیٹے رکن پارلیمنٹ ہیں اور ان کے بھائی رکن اسمبلی ہیں۔ پارٹی میں ایسے کئی قائدین ہیں جن کے خاندان سے ایک سے زائد لوگ مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن مجھے ٹکٹ سے روکا جارہا ہے یہ غلط بات ہے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پارٹی ہائی کمان انہی کو ٹکٹ دیگی اور بھاری اکثریت سے کامیابی بھی حاصل کریں گے۔ 2
جوبلی ہلز ضمنی انتخاب۔ بی جے پی نے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی
مقامی قائدین اور کارکنوں سے مشاورت کے بعد پارٹی صدر کو کمیٹی رپورٹ پیش کرے گی
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) بی جے پی نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب پر اپنی توجہ مرکوز کردی ہے۔ پارٹی کے مقامی قائدین اور کارکنوں کی رائے حاصل کرنے کیلئے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ کمیٹی کی رپورٹ وصول ہونے کے بعد امیدوار کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کے انتقال کے بعد ضمنی انتخاب لازمی ہوگیا ہے۔ بی آر ایس پارٹی آنجہانی رکن اسمبلی کی شریک حیات سنیتا کو امیدوار بنانے کا اعلان کردیا۔ دوسری جانب حکمران کانگریس پارٹی کے کئی قائدین امیدواری کیلئے اپنی اپنی دعویداری پیش کررہے ہیں جس میں قابل ذکر نوین یادو، انجن کمار یادو، بی رام موہن کے علاوہ دوسرے قائدین شامل ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی ہدایت پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے 6 اکٹوبر کو گاندھی بھون میں پی سی سی اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں امیدوار کے نام کو قطعیت دینے کا امکان ہے۔ بی جے پی کی طرف سے اے دیپک ریڈی مقابلہ کیلئے اپنی دعویداری پیش کررہے ہیں جنوہں نے 2023ء کے عام انتخابات میں اسی حلقہ سے مقابلہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ سابق رکن اسمبلی سی رامچندرا ریڈی، این وی سبھاش، مادھوی لتا بھی ٹکٹ کیلئے دوڑ میں شامل ہیں۔ 2
تلنگانہ بی جے پی کے صدر رامچندر ریڈی نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے بی جے پی قائدین و کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے امیدوار کے نام کی تجویز پیش کرنے کیلئے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں سابق رکن اسمبلی دھرماراؤ، سابق رکن پارلیمنٹ پی راملو، پارٹی کے سینئر قائد کے انجینیلو کو شامل کیا گیا ہے۔2