جوبلی ہلز کا آج نتیجہ، صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا آغاز

   

10 راؤنڈ میں رائے شماری ، 42 کاؤنٹنگ ٹیبلس ، دوپہر تک نتیجہ متوقع، سخت سیکوریٹی انتظامات
حیدرآباد ۔ 13۔نومبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے نتیجہ کا کل 14 نومبر کو اعلان ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے رائے شماری کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ یوسف گوڑہ کے کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی اسٹیڈیم میں صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی کی آغاز ہوگا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنن کے مطابق 10 راؤنڈ کی رائے شماری ہوگی جس کے لئے 42 کاؤنٹنگ ٹیبلس کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ووٹوں کی گنتی کا آغاز شیخ پیٹ ڈیویژن کے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی رائے شماری سے ہوگا اور آخری راؤنڈ میں ایرہ گڈہ ڈیویژن کے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ پولیس نے اسٹیڈیم کے اطراف دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام نافذ کئے ہیں اور 14 نومبر صبح 6 بجے سے 15 نومبر کی صبح 6 بجے تک شراب کی دکانات بند رہیں گی۔ 24 گھنٹوں کیلئے آتشبازی ، جلوس اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ رائے دہی کی تکمیل کے بعد حکام نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو اسٹیڈیم کے اسٹرانگ رومس میں محفوظ کردیا ہے۔ اسٹرانگ رومس کی نگرانی کیلئے نیم فوجی دستے تعینات کئے گئے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نگرانی رکھی گئی ہے ۔ 11 نومبر کی رات تمام ای وی ایم مشینوں کو سخت سیکوریٹی کے درمیان اسٹیڈیم منتقل کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنن اور الیکشن کمیشن کے جنرل آبزرور رنجیت کمار سنگھ رائے شماری کی راست نگرانی کریں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں مجموعی رائے دہی 48.49 فیصد ریکارڈ کی گئی اور جملہ رائے دہندے 401365 ہیں۔ 194631 ووٹرس نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ 99771 مرد رائے دہندوں اور 94855 خاتون رائے دہندوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ توقع ہے کہ دوپہر ایک بجے تک نتیجہ کا اعلان کردیا جائے گا۔ رائے شماری کیلئے 186 تجربہ کار اسٹاف کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ رائے شماری کا آغاز پوسٹل بیالٹ کی گنتی سے ہوگا جس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو کھولا جائے گا۔ رائے شماری کے آغاز کے بعد ہر راؤنڈ کے نتیجہ کو الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ https://results.eci.gov.in پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ میڈیا کے لئے کاؤنٹنگ سنٹر کے قریب ایل ای ڈی اسکرین نصب کیا جارہا ہے ۔ آر وی کرنن کے مطابق رائے شماری کے موقع پر امن و ضبط کی برقراری کیلئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اسٹیڈیم کے اطراف 250 ملازمین پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔ سیاسی پارٹیوں کے کاؤنٹنگ ایجنٹس کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے پاسیس جاری کئے گئے ۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی نگرانی کیلئے سیاسی پارٹیوں نے اپنے نمائندوں کو بھی مقرر کیا ہے۔1