کانگریس جیتی نہیں دھاندلیوں سے جتائی گئی ، اخلاقی کامیابی بی آر ایس کی ہے
حیدرآباد ۔ 14 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے نتائج سامنے آنے کے بعد بی آر ایس کی امیدوارہ ایم سنیتا گوپی ناتھ نے کانگریس پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت حقیقی نہیں ۔ انتخابی دھاندلی اور غنڈہ گردی کے ذریعہ حاصل کی گئی کامیابی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نتائج خواہ کچھ ہوں مگر اخلاقی جیت بی آر ایس کی ہوئی ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سنیتا نے کہا کہ جمہوریت میں کانگریس نے غیر جمہوری انداز میں اپنی جیت درج کی ہے ۔ رائے دہی کے دن کانگریس کے قائدین نے ایک خاتون امیدوار کے خلاف بدسلوکی اور بڑے پیمانے پر ہنگامہ آرائی کی ۔ انتخابی دھاندلیوں ’ ریگنگ ‘ کی گئی ۔ غنڈہ گردی کی گئی ۔ رائے دہندوں کو ڈرایا دھمکایا گیا ۔ بوگس ووٹ ڈالے گئے ۔ مختلف پولنگ بوتھس پر غیر قانونی سرگرمیاں جاری رہیں۔ سارے حلقے میں غنڈہ گردی کی صورتحال تھی ۔ پولیس اور انتخابی عملہ شکایت کرنے کے باوجود خاموش تماشائی بنا رہا ۔ انہوں نے اپنی زندگی میں ایسا انتخاب کبھی نہیں دیکھا تھا ۔ ایم سنیتا نے کہا کہ اگرچہ نتائج ان کے حق میں نہیں آئے لیکن عوام کا اعتماد اور حوصلہ انہیں ملا ہے ۔ وہ اس سے پوری طرح مطمئن ہیں اور وہ اس کو اپنی اصلی جیت قرار دیتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یقینا الیکشن ہار گئی ہے مگر ضرور انہوں نے عوام کا دل جیت لیا ہے ۔ وہ نتائج سے مایوس نہیں ہے ۔ جن لوگوں نے انہیں ووٹ دیا ہے اور اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس کے لیے سب کا دل کی گہرائیوں سے اظہار تشکر کرتی ہیں اور وعدہ کرتی ہیں عوامی مسائل کو حل کرانے اور نا انصافیوں کے خلاف بی آر ایس کے بیانر تلے ہمیشہ جدوجہد کرتے ہوئے عوام کے درمیان رہیں گی ۔۔ 2