مرکز سے فنڈس کے حصول میں کشن ریڈی رکاوٹ ، بی آر ایس کو دو سال حکومت سے تعاون کا مشورہ، سیاسی جماعتوں اور عوام سے چیف منسٹر کا اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 14۔نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ جوبلی ہلز کے رائے دہندوں نے حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کی تائید کرتے ہوئے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار نوین یادو کو کامیاب بنایا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، وینکٹ ریڈی ، سرینواس ریڈی ، وی سری ہری ، پونم پربھاکر ، ویویک وینکٹ سوامی اور دوسروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے بی آر ایس اور بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت پر تنقید کے بجائے ترقیاتی اسکیمات میں تعاون کریں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آئندہ دو برسوں تک ترقیاتی اور فلاحی کاموں میں تعاون کیا جائے اور الیکشن سے ایک سال قبل دوبارہ سیاست کی جاسکتی ہے ۔ چیف منسٹر نے انتخابی مہم میں حصہ لینے والے وزراء ، عوامی نمائندوں ، کارکنوں سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے تائید کرنے والی تمام پارٹیوں سے بھی اظہار تشکر کیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جوبلی ہلز کی کامیابی نے حکومت کی ذمہ داری میں اضافہ ک ردیا ہے ۔ حکومت کے دو سال کی تکمیل پر جوبلی ہلز کے رائے دہندوں میں کارکردگی کے حق میں فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کا فیصلہ کانگریس پارٹی اور حکومت کی کارکردگی پر عوام کا آشیرواد ہے۔ کانگریس اسے ایک ذمہ داری کے طور پر قبول کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جوبی ہلز میں 51 فیصد ووٹ کانگریس کو حاصل ہوئے اور یہ پارٹی کے ساتھ عوامی طاقت کا مظاہرہ ہے۔ بی آر ایس کو 39 فیصد اور بی جے پی کو 8 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ۔ نتیجہ کے ذریعہ عوام نے ہر پارٹی کا رول طئے کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر کے طور پر ترقی دینے کیلئے کئی پراجکٹس پر عمل کر رہی ہے ۔ ریجنل رنگ روڈ ، موسیٰ ندی تر قیاتی پراجکٹ میٹرو ریل ، گوداوری اور کرشنا سے حیدرآباد کو پانی کی سربراہی کے علاوہ فلائی اوورس ، انڈر پاس ، ریلوے اوور بریجس اور ایلیویٹیڈ کوریڈارس کی تکمیل کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جھیلوں اور تالاب کے تحفظ کیلئے حیڈرا اور منشیات کے خاتمہ کیلئے ایگل نامی ادارے قائم کئے گئے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس و بی جے پی قائدین ترقیاتی کاموں کی راہ میں ہر قدم پر رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ مرکز سے پراجکٹس کی منظوری اور فنڈس کے حصول میں کشن ریڈی اہم رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے پراجکٹس اور فنڈس کے حصول میں کشن ریڈی ، کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو اہم رول ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز میں بی جے پی کی مقبولیت میں کمی آئی ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں کشن ریڈی کو جوبلی ہلز سے 65,000 ووٹ ملے تھے جبکہ ضمنی چناؤ میں بی جے پی کو 17,000 ووٹ ملے ہیں۔ چیف منسٹر نے جوبلی ہلز کے نتیجہ کو زلزلہ سے قبل ایک اشارہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتیجہ کشن ریڈی کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے ۔ انہیں اپنا رویہ تبدیل کرتے ہوئے حکومت سے تعاون کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے بھٹی وکرمارکا کو مشورہ دیا کہ پارلیمنٹ سیشن کے آغاز سے قبل تلنگانہ کے تمام ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مرکز سے زیر التواء فنڈس کی تفصیلات پیش کریں ۔ چیف منسٹر نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو اپنا رویہ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ جوبلی ہلز کے عوام نے 50 فیصد سے زائد ووٹ کانگریس کو دیتے ہوئے حکومت کی تائید کی ہے ۔ اپوزیشن کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ دو سال تک حکومت سے تعاون کریں تاکہ فلاحی اور ترقیاتی کام مکمل کئے جائیں۔ آخری سال سیاست کی جاسکتی ہے ۔1