جوبلی ہلز کی اقلیتی خواتین میں 2000 سلائی مشینوں کی تقسیم

   

پونم پربھاکر، عبید اللہ کوتوال اور قائدین کی شرکت، اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود میں حکومت سنجیدہ

حیدرآباد۔ 5 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے یوسف گوڑہ علاقہ میں غریب اور مستحق اقلیتی خواتین میں 2000 سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں وزیر بی سی ویلفیر پونم پربھاکر، صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، صدر نشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، سابق ارکان پارلیمنٹ انجن کمار یادو، محمد اظہر الدین، رکن راجیہ سبھا نوین کمار یادو، نائب صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کانتی ویسلی آئی اے ایس اور دیگر قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ سلائی مشینوں کی تقسیم کا مقصد اقلیتی خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو حکومت کی جانب سے بلاسودی قرض فراہم کئے جارہے ہیں اور حکومت نے سولار انرجی پراجکٹس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ پونم پربھاکر نے جوبلی ہلز کے اقلیتی رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی سے وابستہ ہوکر اپنے مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنائیں۔ صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی خصوصی دلچسپی سے ہر ضلع میں خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دو نئی اسکیمات کا اعلان کیا ہے جس کے تحت بے سہارا خواتین کو چھوٹے کاروبار کے آغاز کے لئے مدد مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکیمات پر شفافیت سے عمل آوری کو یقینی بنانے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ صدر نشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان نے کہا کہ اقلیتی کی ترقی اور فلاح و بہبود صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ جوبلی ہلز کی ترقی کے لئے حکومت نے کئی کاموں کا آغاز کیا ہے اور تین ریاستی وزراء علاقہ میں عوامی مسائل کی یکسوئی میں مصروف ہیں۔ 1