جوبلی ہلز میں وزیر کی پد یاترا، انتخابی وعدوں کی تکمیل کا تیقن
حیدرآباد ۔ 5 ۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے جوبلی ہلز کے رائے دہندوں کو بھروسہ دلایا کہ کانگریس پارٹی عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورا کرے گی۔ سریدھر بابو نے جوبلی ہلز میں ایلا ریڈی گوڑہ ، کملا پوری کالونی ، ایمان گوڑہ ، جئے پرکاش نگر ، توکل نگر ، علی نگر اور دیگر علاقوں میں پد یاترا کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے کانگریس امیدوار کے خلاف گمراہ کن مہم چلائی جارہی ہے جبکہ نوین یادو گزشتہ 20 برسوں سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ سریدھر بابو نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ نوین یادو کو بھاری اکثریت سے منتخب کرتے ہوئے جوبلی ہلز کی ترقی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی کامیابی کے لئے حلقہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ صرف کانگریس پارٹی ہی غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی میں سنجیدہ ہے ۔ بی آر ایس قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ کانگریس حکومت نے 22 ماہ میں 60 ہزار سے زائد سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حلقہ کی ترقی کے لئے فنڈس کا وعدہ کیا ہے اور الیکشن کے فوری بعد ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوگا۔1