جوبلی ہلز کی فہرست رائے دہندگان کی تیاریوں کا آغاز

   

جملہ 392669 ووٹرس ۔ اعتراضات داخل کرنے 17 ستمبر تک مہلت
حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے قطعی فہرست رائے دہندگان کے لئے شیڈول جاری کیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ کے مطابق 30 ستمبر کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی جائے گی۔ کمیشن نے آج فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کردیا ہے جس کے تحت جملہ رائے دہندوں کی تعداد 392669 درج کی گئی ہے جن میں مرد 204288 اور خواتین 188356 ہیں۔ جملہ 139 مقامات پر 407 پولنگ اسٹیشن ہیں۔ فہرست رائے دہندگان کے مسودہ پر اعتراضات اور دعوے داخل کرنے کے لئے 2 ستمبر تا 17 ستمبر مہلت دی گئی ہے۔ 25 ستمبر تک اعتراضات اور دعوؤں کی یکسوئی کردی جائے گی اور 30 ستمبر کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی جائے گی۔ فہرست رائے دہندگان کا مسودہ الیکشن رجسٹریشن آفیسر کے دفتر کے علاوہ پولنگ اسٹیشنوں پر بوتھ لیول عہدیداروں کے دفاتر میں مشاہدہ کے لئے دستیاب ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کی ویب سائٹ پر اِسے اپ لوڈ کیا گیا ہے۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے رائے دہندوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ یا چیف الیکٹورل آفیسر کی ویب سائٹ پر فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کا جائزہ لیں۔ ووٹرس ہیلپ لائن ایپ پر بھی ناموں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنے دعوے یا اعتراضات فارم 6، فارم 7 یا فارم 8 کے ذریعہ داخل کئے جاسکتے ہیں۔ جوبلی ہلز کے رائے دہندے مزید تفصیلات کے لئے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر، ڈپٹی کمشنر سرکل 19 یوسف گوڑہ یا متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر بوتھ لیول آفیسر سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ رائے دہندے کال سنٹر پر 1950 ڈائل کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔1