جوبلی ہلز کے انتخابی عمل میں مداخلت سے ہائیکورٹ کا انکار

   

حیدرآباد 31 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں پرچہ نامزدگی مسترد ہونے والے درخواست گزار کو راحت سے انکار کیا ہے۔ سنگا ریڈی ضلع کے سماجی کارکن ایم سنجیلو نے درخواست دائر کرکے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے پرچہ نامزدگی مسترد کئے جانے کو چیلنج کیا۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ و جسٹس جی محی الدین پر مشتمل بنچ نے درخواست کی سماعت سے انکار کیا ۔ بنچ نے کہا کہ عدالت پرچہ جات کی جانچ اور مسترد کرنے کے طریقہ کار میں مداخلت نہیں کریگی۔ درخواست گزار نے شکایت کی کہ ریٹرننگ آفیسر نے 23 اکتوبر کو پرچہ نامزدگی مسترد کردیا ۔ ریٹرننگ آفیسر کے فیصلہ کو غیر قانونی و غیر دستوری قرار دے کر عدالت سے اپیل کی گئی کہ فیصلہ کو کالعدم کیا جائے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر اور الیکشن کمیشن کو درخواست گزار کے پرچہ نامزدگی کو قبول کرنے کی ہدایت دی جائے۔ کمیشن کے وکیل نے کہا کہ درخواست کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔ 1