جوبلی ہلز کے تمام پولنگ اسٹیشنوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی

   

ہیلپ ڈیسک کا قیام ، چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی نے کہا کہ جوبلی ہلز کے تمام پولنگ اسٹیشنوں میں رائے دہندوں کیلئے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے گا۔ سدرشن ریڈی نے عہدیداروں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ پولنگ اسٹیشنوں کے باہر موبائیل فون ڈپازٹ کاونٹر قائم کئے جارہے ہیں، جہاں رائے دہندے پولنگ اسٹیشن میں داخلہ سے قبل موبائیل کو سوئچ آف کرتے ہوئے جمع کراسکتے ہیں۔حق رائے دہی سے استفادہ کے بعد وہ اپنا فون حاصل کرلیں۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ رائے دہی کو ہر ایک کے لئے آسان بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ معذورین اور ضعیف العمر افراد کیلئے وہیل چیر کی سہولت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی سے ایک دن قبل پولنگ اسٹیشنوں کے تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے اور رائے دہندوں کو ووٹ کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ ہر پولنگ اسٹیشن میں پینے کا پانی ، ٹائلٹ ، ویٹنگ ایریا ، ریمپ کی سہولت کے علاوہ سائن بورڈس نصب کئے جائیں گے۔ رائے دہی کو خفیہ رکھنے کیلئے محفوظ کمپارٹمنٹ قائم کیا جائے گا۔ امیدواروں کی فہرست اور دیگر تفصیلات پولنگ اسٹیشن کے باہر آویزاں کی جائیں گی۔ ہر پولنگ اسٹیشن میں ووٹر اسسٹنٹ بوتھ قائم کیا جائے گا۔ جہاں بوتھ سطح کے امیدوار عوام کی رہنمائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ 1