جوبلی ہلز کے شیخ پیٹ ڈیویژن میں کانگریس کے روڈ شو کو عوامی تائید

   

10 برسوں سے علاقہ پسماندہ، بنیادی سہولتوں اور جامع ترقی کا وعدہ

حیدرآباد۔ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے شیخ پیٹ بلدی ڈیویژن میں کانگریس نے اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے روڈ شو کا اہتمام کیا۔ کانگریس امیدوار سید نظام الدین، صدرنشین میناریٹی ڈپارٹمنٹ حیدرآباد سمیر ولی اللہ اور مقامی کانگریس قائدین نے ڈیویژن کے تمام علاقوں میں روڈ شو کا اہتمام کرتے ہوئے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ اس پسماندہ حلقہ کی ترقی کیلئے کانگریس کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں۔ روڈ شو میں عوام کی جانب سے غیر معمولی جوش و خروش کا اظہار کیا گیا اور جگہ جگہ کانگریس قائدین کا استقبال کرتے ہوئے ان کی گلپوشی کی گئی۔ مقامی افراد نے کہا کہ گذشتہ زائد از 10 برسوں سے شیخ پیٹ ڈیویژن ترقی سے محروم ہے۔ عوام بنیادی سہولتوں حتیٰ کہ بہتر سڑکوں، صحت و صفائی کے انتظامات اور پانی کی موثر سربراہی کے سلسلہ میں عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کو بارہا توجہ دلاچکے ہیں لیکن صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ کانگریس کا روڈ شو کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور مقامی افراد اور تاجروں نے یقین دلایا کہ وہ اس مرتبہ تبدیلی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے سید نظام الدین اور سمیر ولی اللہ نے عوام سے وعدہ کیا کہ کانگریس کے منتخب ہونے کے بعد علاقہ کی ترقی کا جامع منصوبہ تیار کرتے ہوئے 100 دن میں بنیادی مسائل کی یکسوئی کردی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ترقی کو انتخابی موضوع بنایا ہے جبکہ دیگر پارٹیاں مذہبی جذبات کو بھڑکا کر ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ حیدرآباد کی ترقی کانگریس حکومت کی دین ہے اور 2014 تک کانگریس نے حیدرآباد میں کئی اہم پراجکٹس کا آغاز کیا جبکہ ٹی آر ایس نے گذشتہ سات برسوں میں صرف وعدوں اور اعلانات تک خود کو محدود رکھا ہے۔ لاک ڈاؤن اور پھر سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد کانگریس قائدین کی جانب سے ہزاروں خاندانوں کی مدد کی گئی۔ غذائی اجناس کے علاوہ ترکاری اور تیار شدہ غذا پر مشتمل پیاکیج روزانہ ہزاروں خاندانوں میں تقسیم کیا گیا اور کئی خاندانوں کی مالی مدد کی گئی۔ ہزاروں مائیگرنٹ ورکرس کی آبائی مقامات منتقلی کیلئے مفت بسوں کا انتظام کیا گیا تھا۔