ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے کانگریس امیدوار کی ملاقات۔ دعاؤں کی اپیل
حیدرآباد 13 نومبر(سیاست نیوز) سابق ہندوستانی کرکٹ کپتان وکانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی جوبلی ہلزجناب محمد اظہر الدین نے آج ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان سے ملاقات کرکے دعاء اور تائید کی اپیل کی اور کہا کہ وہ اپنے حلقہ اسمبلی کی ترقی اور عوام کی بے مثال خدمت کا ریکارڈ قائم کرنے کے منصوبہ کے ساتھ میدان میں ہیں ۔ انہوں نے ایڈیٹر سیاست سے ان کی تائید کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہ حیثیت امیدوار انہیں اس با ت کا یقین دلاتے ہیں کہ اگر وہ منتخب ہوتے ہیں تو ریاست کی اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے علاوہ ان کی بے باک نمائندگی کریں گے اور اپنے حلقہ کے علاوہ ریاست کی اقلیتوں کو کسی شکایت کا موقع نہیں دیں گے بلکہ ان کے مسائل کے حل کیلئے مؤثر نمائندگی کو یقینی بنائیں گے۔ جناب محمد اظہر الدین نے کہا کہ وہ ریاست کے مسلمانوں کی تعلیمی اور کھیل کے میدان میں ترقی کے منصوبہ کے ساتھ ان کی معاشی ترقی کیلئے بھی حکومت سے نمائندگی کرکے مسلمانوں کے مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔ امیدوار جوبلی ہلز نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان سے ملاقات میں بتایا کہ وہ تلنگانہ کی سیاست میں قدم رکھنے سے قبل حیدرآباد اور تلنگانہ کے حالات سے بہتر انداز میں واقف ہیں اور مقامی امیدوار ہونے کے سبب انہیں عوام کی مکمل تائید حاصل ہورہی ہے اس کے باوجود بعض گوشوں سے انہیں ناکام بنانے کی کوششیں کی جار ہی ہیں جبکہ جوبلی ہلز کے عوام نے فیصلہ کرلیا کہ وہ بہر صورت کانگریس کی کامیاب بنائیں گے ۔ محمد اظہر الدین نے تلنگانہ میں کانگریس کو ملنے والی مقبولیت کا تذکرہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کو جو استحکام ملا ہے اور عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اس کی بنیادی وجہ حکومت کی ناکامی ہے اسی لئے ریاست میں عوام بالخصوص اقلیتیں کانگریس کو امید کی کرن تصور کر رہے ہیں اور ان کی امیدوں کو پورا کرنا کانگریس اپنی ذمہ داری تصورکرتی ہے۔ جناب زاہد علی خان نے اظہر الدین کو مشورہ دیا کہ وہ کانگریس کی 6ضمانتوں کے علاوہ اپنے حلقہ اسمبلی کی ترقی بالخصوص جوبلی ہلز میں موجود محلہ جات و غریب بستیوں کی ترقی کیلئے منصوبہ تیار کریں اور عوام کو اعتماد میں لیتے ہوئے انہیں یقین دلوائیں کہ ان کی کامیابی علاقہ کی ترقی کی ضمانت ثابت ہوگی۔اس موقع پر جناب تقی الدین شجیح کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔