جوبلی ہلز کے مارننگ واکرس سے مہیش کمار گوڑ اور پونم پربھاکر کی ملاقات

   

حلقہ کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کاتیقن ، عوام نے کانگریس کی تائید کا بھروسہ دلایا
حیدرآباد : 2 نومبر ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں جوبلی ہلز ضمنی چناؤ کے انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کرشن کانت پارک میں مارننگ واکرس سے ملاقات کی ۔ دونوں قائدین نے پارک میں موجود واکرس کو کانگریس حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے واقف کرایا ۔ مہیش کمار گوڑ اور پونم پربھاکر نے مارننگ واکرس کے مختلف گروپس سے بات چیت کی ۔ اس موقع پر سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے مارننگ واکرس نے حکومت کی ستائش کی اور کانگریس امیدوار کی تائید کا یقین دلایا ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس کی کامیابی کے بعد جوبلی ہلز کی ہمہ جہتی ترقی اور دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نوین یادو ایک مقامی نوجوان ہے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز کی ترقی کیلئے 1000 کروڑ خرچ کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ مارننگ واکرس سے ملاقات کے موقع پر کانگریس کے مقامی قائدین موجود تھے ۔ مہیش کمار گوڑ اور پونم پربھاکر نے پارک میں کافی وقت گزارا اور مارننگ واکرس کے سوالات کے جوابات دیئے ۔ اس موقع پر مہیش کمار گوڑ نے دعویٰ کیا کہ 22ماہ کے دوران ریونت ریڈی حکومت نے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ ملک کی کوئی اور ریاست فلاحی اسکیمات کی مثال پیش نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے دیرینہ مسائل سے انچارج ریاستی وزراء کو واقف کرائیں ۔ 1