کانگریس کی کامیابی یقینی، یکم اگست سے حیدرآباد میں نئے راشن کارڈس کی تقسیم، سلم علاقوں میں مکانات کی تعمیر
حیدرآباد۔ 29 جولائی (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ اور حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے واضح کیا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کا تعلق جوبلی ہلز حلقہ سے رہے گا اور بیرونی خواہشمندوں کو ٹکٹ الاٹ کئے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ کانگریس قائدین محمد اظہر الدین، نوین یادو اور شیواسینا ریڈی کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ پارٹی امیدوار کا فیصلہ ہائی کمان کرے گا۔ امیدوار کے انتخاب کے لئے پارٹی کی جانب سے سروے جاری ہے اور جس قائد کے حق میں کامیابی کے امکانات واضح ہوں گے انہیں ٹکٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار کا انتخاب کامیابی کے امکانات کی بنیاد پر رہے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں واضح کردیا کہ پارٹی امیدوار جوبلی ہلز کا مقامی رہے گا اور باہر سے امیدوار کو امپورٹ نہیں کیا جائے گا۔ مختلف عہدوں کے ساتھ عوام کے درمیان رہتے ہوئے مسائل کی یکسوئی اور پارٹی کے استحکام میں اہم رول ادا کرنے والے قائد کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کے باہر سے تعلق رکھنے والے قائدین اگر ٹکٹ کے خواہشمند ہیں تو انہیں موقع حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز ٹکٹ کے تمام خواہشمند قائدین حلقہ کے 7 ڈیویژنس میں سرگرم ہو جائیں گے اور پارٹی کے استحکام کے لئے کام کریں گے۔ حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچانا ان کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان سروے اور پارٹی کی سطح پر موصولہ رپورٹ کی بنیاد پر امیدوار کا فیصلہ کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں پونم پربھاکر نے کہا کہ سابق میں مقابلہ کرنے والے قائدین یا نئے قائدین کو ٹکٹ دیا جائے اس بارے میں قطعی فیصلہ ہائی کمان کرے گا۔ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ ضمنی چناؤ کی وجہ رکن اسمبلی کی علالت اور طبعی موت ہے، لہذا ہمدردی کی لہر کا امکان نہیں رہے گا۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ کے ضمنی چناؤ میں رکن اسمبلی کی حادثہ میں موت واقع ہوئی تھی پھر بھی وہاں کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے تمام قائدین کل 30 جولائی سے تمام 7 ڈیویژنس میں متحرک ہو جائیں گے۔ جوبلی ہلز حلقہ کی ترقی کانگریس کا اہم ایجنڈہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی قائدین آپسی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے متحدہ طور پر کام کریں گے۔ پونم پربھاکر نے حکومت کی مختلف اسکیمات اور انتخابی وعدوں کی تکمیل کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں اندراماں ہاوزنگ اسکیم پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔ حکومت نے شہری علاقوں میں غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی طرح اسکیم تیار کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے جو مکانات الاٹ کئے تھے ان میں 30 ہزار خالی ہیں کیونکہ یہ مکانات ملازمت کے مقام سے کافی دور تھے۔ تلنگانہ حکومت سلم علاقوں میں غریبوں کے لئے مکانات تعمیر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے 15 اسمبلی حلقہ جات میں یکم اگست سے نئے راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز ہوگا اور 10 اگست تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ حیدرآباد میں 50,000 نئے راشن کارڈس جاری کئے جائیں گے جن کے تحت 2.20 لاکھ افراد کو فی کس 6 کیلو باریک چاول سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1.5 لاکھ موجودہ راشن کارڈس میں ناموں کے اضافے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ نئے راشن کارڈس کے لئے ایک لاکھ سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں جن کی جانچ کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء جی ویویک وینکٹ سوامی اور ٹی ناگیشور راؤ کے ہمراہ جوبلی ہلز کی ہمہ جہتی ترقی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 1