چرنجیوی کے بعد ناگرجنا کو مقابلہ کی پیشکش، کامیاب امیدوار کو وزیر داخلہ بنانے کی تجویز
حیدرآباد10 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانے کی حکمت عملی طے کی ہے۔ ذرائع کے مطابق جوبلی ہلز کی تازہ سیاسی صورتحال اور حلقہ میں سیما آندھرا ووٹرس کی اکثریت کے علاوہ فلمی شخصیتوں کے اثر کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے کسی فلمی شخصیت کو میدان میں اتارنے کی تیاری کرلی ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے گزشتہ دنوں میگا اسٹار چرنجیوی سے مشاورت کی اور بتایا جاتا ہے کہ انہیں جوبلی ہلز سے مقابلہ کا پیشکش کیا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کا ماننا ہے کہ بی آر ایس رکن اسمبلی کے دیہانت کے سبب عوام میں ہمدردی کی لہر کا ہونا فطری ہے، ایسے میں کانگریس کسی عوامی مقبول شخص کو میدان میں اتارکر ہی کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ یوں تو پارٹی میں ٹکٹ کے کئی دعویدار ہیں لیکن حکومت سے جو سروے کرایا گیا اس میں موجودہ دعویداروں کے علاوہ کسی فلمی شخصیت کو ٹکٹ دیئے جانے کی سفارش کی گئی ہے ۔ چرنجیوی نے سیاست میں دوبارہ واپسی میں اپنی عدم دلچسپی کا اظہار کیا جس پر چیف منسٹر نے انہیں بعض ایسے نام پیش کرنے کی تجویز پیش کی جو نہ صرف فلمی دنیا میں بلکہ عوامی خدمت کا جذبہ بھی رکھتے ہیں۔ چرنجیوی نے اس سلسلہ میں بعض فلمی ہیروز کے ناموں کی سفارش کی۔ چرنجیوی لہ مقابلہ سے گریز کے بعد کانگریس پارٹی کی نظر فلم اسٹار ناگرجنا پر ٹکی ہے۔ ناگرجنا کما طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ تلگو فلم انڈسٹری میں طویل عرصہ سے ایک غیر متنازعہ ہیرو کے طور پر اپنی شناخت رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق امیدوار کے انتخاب کے وقت کانگریس پارٹی یہ اعلان کرسکتی ہے جوبلی ہلز سے جو بھی منتخب ہوگا اسے ریاستی کابینہ میں وزیر داخلہ کے طور پر شامل کیا جائے گا۔ جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی کو وزیر داخلہ مقرر کرنے کی پیشکش کا رائے دہندوں پر مثبت اثر پڑسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چرنجیوی اور ناگرجنا کے علاوہ بھی چیف منسٹر نے بعض فلمی ہیروز کے ناموں کو اپنی فہرست میں شامل رکھا ہے۔ سروے کے مطابق فلمی شخصیتوں کو ایک طرف سیما آندھرا تو دوسرا طرف نوجوان رائے دہندوں کی تائید بہ آسانی حاصل ہوسکتی ہے۔ گریٹر حیدرآباد سے تلنگانہ کابینہ میں کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ 2023 اسمبلی چناؤ میں کانگریس کو حیدرآباد میں ایک بھی نشست پر کامیابی نہیں ملی۔ بعد میں کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کی رکن اسمبلی کی حادثہ میں موت کے بعد ضمنی چناؤ ہوا جس میں کانگریس کے سری گنیش کامیاب ہوئے لیکن کابینہ میں ایس سی طبقہ کی موثر نمائندگی کی موجودگی کے سبب سری گنیش کے شمولیت کے امکانات نہیں ہیں۔ جوبلی ہلز میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے وزارت داخلہ کی پیشکش سے کامیابی کے امکانات میں اضافے کی امید ہے۔ جوبلی ہلز کا ضمنی چناؤ توقع ہے کہ بہار کے اسمبلی چناؤ کے ساتھ منعقد ہوگا۔ 1