جوبلی ہلز کے یوسف گوڑہ ڈیویژن میں پارٹی قائدین کے ساتھ پونم پربھاکر کا ا جلاس

   

رائے دہندوں سے گھر گھر ملاقات کی ہدایت، رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے یوسف گوڑہ ڈیویژن میں پارٹی کے انچارجس اور اہم قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی ، رکن اسمبلی ای شنکریا ، اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار، صدرنشین اسپورٹس اتھاریٹی شیوا سینا ریڈی اور دیگر کارپوریشنوں کے صدورنشین نے شرکت کی۔ اجلاس میں کانگریس امیدوار نوین یادو کی کامیابی کیلئے مشترکہ طور پر انتخابی مہم اور عوام سے گھر گھر پہنچ کر ربط قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انتخابی حکمت عملی کے سلسلہ میں یوسف گوڑہ ڈیویژن کے پارٹی قائدین کو مختلف ذمہ داریاں دی گئیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ جوبلی ہلز میں رائے دہندے کانگریس پارٹی کے ساتھ ہیں اور اپوزیشن کی الزام تراشی کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے قائدین اور کارکنوں کو بہتر تال میل کے ذریعہ انتخابی مہم میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کی موثر انداز میں تشہیر کی جائے اور رائے دہندوں کو حکومت کی اسکیمات سے واقف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح کے انچارج قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ رائے دہی کے دن عوام کو بوتھ تک پہنچائیں تاکہ رائے دہی کا فیصد بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈیویژن میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیا جائے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ہر ڈیویژن کی سطح پر انچارجس کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں اور پارٹی کی انتخابی مہم میں شدت پیدا ہوچکی ہے ۔1