جوبلی ہلز کے یوسف گوڑہ ڈیویژن میں پونم پربھاکر کی انتخابی مہم

   

مقامی افراد کے ساتھ لنچ کیا، حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کی اپیل
حیدرآباد ۔ 5 ۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے یوسف گوڑہ ڈیویژن میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے وینکٹادری نگر ، کرشنا نگر اور بی بلاک علاقوں میں بائیک ریالی منظم کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ رکن اسمبلی بی لکشما ریڈی اور صدرنشین اسپورٹس اتھاریٹی شیوا سینا ریڈی کے ہمراہ پونم پربھاکر نے گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے مقامی تاجروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل پر بات چیت کی ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ایک ہزار کروڑ کا وعدہ کیا ہے۔ بی آر ایس نے 10 برسوں میں حلقہ کی ترقی کو نظر انداز کردیا تھا۔ انہوں نے مقامی افراد کے ساتھ لنچ کیا اور ان سے حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کی اپیل کی۔ ریاستی وزیر نے حکومت کی فلاحی اسکیمات کی تفصیلات پر مبنی پمفلٹ حوالے کیا۔ راشن کارڈ پر حکومت کی جانب سے سربراہ کئے جانے والے باریک چاول سے تیار کردہ غذا کو ریاستی وزیر نے نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں راشن کارڈ پر مفت باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے ۔ بی آر ایس دور حکومت میں سربراہ کیا جانے والا چاول قابل نوش نہیں تھا ۔ مقامی افراد نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد انہیں راشن کارڈ جاری کیا گیا ہے۔ غریبوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز میں 400 غریب خاندانوں کو اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکانات الاٹ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔1