حیدرآباد ۔ 25ستمبر ( سیاست نیوز) ایس آر نگر پولیس نے خود کو اے سی پی عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے ایک جوتش کو لوٹنے والی پانچ رکنی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور نقلی اے سی پی عہدیداروں کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی ویسٹ زون نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 25سالہ پی پرتھیوی راج ،36سالہ ایل سوروپ کمار ،31سالہ بی سرون کمار ، 38سالہ بی ملیش اور 28سالہ کے بالا نرسملو کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے گیارہ سیل فون 8لیاب ٹاپ ،2 ڈی وی آر ،2سونے کی چین اور دیگر طلائی زیورات جن کی مالیت 7لاکھ 50ہزار بتائی گئی ہے کے علاوہ ایک کار کو ضبط کرلیا ۔ اس ٹولی نے کل رات امیر پیٹ کے علاقہ میں واقع جوتش جگدیش بابو کے مکان میں داخل ہوکر اے سی پی عہدیداروں کے نام پر اسے دھمکایا تھا اور اس کے مکان میں ڈکیتی کی واردات انجام دی تھی ۔ گرفتار افراد میں پی پرتھوی راج اس جوتش کا سابق ملازم بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے گرفتار افراد کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔