لندن : انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر پاکستان کے خلاف تیسرا ٹی20 میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ اے ایف پی کے مطابق جوز بٹلر نے چہارشنبہ کو شیڈول ٹی20 انٹرنیشنل میچ سے قبل سکواڈ کو چھوڑ دیا ہے تاکہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ رہیں، جو اپنے تیسرے بچے کو جنم دینے والی ہیں۔انگلینڈ کے 33 سالہ کپتان جوز بٹلر نے ہفتہ کو برمنگھم میں شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 84 رنز بنائے تھے۔جوز بٹلر کارڈف سٹیڈیم میں چہارشنبہ کو ہونے والے تیسرے ٹی20 میں شامل نہیں ہوں گے جبکہ نائب کپتان معین علی ان کی جگہ انگلینڈ کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔جمعرات کو لندن کے اوول سٹیڈیم میں اختتام پذیر ہونے والی یہ سیریز ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس میں موجودہ چیمپئن انگلینڈ چار جون کو بارباڈوس میں سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹائٹل کے دفاع کا آغاز کرے گا۔انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو اوول فائنل سے قبل کارڈف اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں آرام دیا جا سکتا ہے۔