جولائی کے پہلے ہفتہ میں کابینہ میں توسیع نئے پی سی سی صدر کا انتخاب

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا پانچ دن تک دہلی میں قیام ، ہائی کمان نے سماجی انصاف کو ملحوظ رکھنے کی ہدایت دی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : نئے صدر پردیش کانگریس کمیٹی کے انتخاب و کابینہ کی توسیع کیلئے مذاکرات کا عمل تقریبا مکمل ہوگیا ۔ جولائی کے پہلے ہفتہ میں سرکاری طور پر اعلان کے قوی امکانات ہیں ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پانچ دن تک دہلی میں قیام کرکے ایک طرف جہاں مرکزی وزراء سے ملاقات کی اور ریاست کیلئے درکار فنڈم ‘ اسکیمات کی اجرائی ، دفاعی اراضیات کی حوالگی کیلئے نمائندگی کی وہیں دوسری طرف سونیا گاندھی ، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے ، قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی اے آئی سی سی جنرل سکریٹریز پرینکا گاندھی ، کے سی وینوگوپال و دوسرے قائدین سے ملاقات کرکے نئے صدر پردیش کانگریس کمیٹی کے انتخاب وزارت میں توسیع ، نامزد عہدوں کی تقسیم و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ بحیثیت صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی تین سالہ میعاد مکمل ہوگئی ہے ۔ نئے صدر کے انتخاب پر دہلی کے تلنگانہ بھون میں تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج دیپا داس منشی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارک ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، ڈی سریدھر بابو و کانگریس ارکان پارلیمنٹ اور دیگر سینئیر قائدین کی رائے حاصل کی ۔ دوسری جانب اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے بھی اپنی قیام گاہ پر تلنگانہ کے کانگریس قائدین کے ساتھ ایک اجلاس طلب کرکے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بی سی طبقہ کو صدر پردیش کانگریس بنانے کی بیشتر قائدین نے تائید کی ہے ۔ بی سی طبقات میں دو ناموں مہیش کمار گوڑ ، مدھوگوڑ یشکی پر غور و خوص کیا گیا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مہیش کمار گوڑ کے نام کو تقریبا قطعیت دیدی گئی ہے ۔ اگر لمحہ آخر میں تبدیلی ہوتی ہے تو ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس رکن پارلیمنٹ بلرام نائیک کے نام پر غور کا امکان ہے ۔ وزارت میں توسیع پر بھی کانگریس ہائی کمان سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو منظوری حاصل ہوگئی ہے ۔ تاہم سماجی انصاف پر زور دیا گیا ہے ۔ کئی ناموں پر غور و خوص ہوا ہے ۔ جن اضلاع اور طبقات کو وزارت میں جگہ نہیں ہے انہیں نمائندگی دینے کی چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ہدایت دی گئی ہے ۔ ہائی کمان سے مشروط منظوری کے بعد چیف منسٹر حیدرآباد لوٹ چکے ہیں ۔ ہفتہ کو وہ ضلع ورنگل کے ترقیاتی پروگرامس کے دورے پر تھے اتوار کو وہ ڈی سرینواس کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے نظام آباد کا دورہ کریں گے ۔۔ 2