حیدرآباد 6 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں جونئیر ڈاکٹرس نے نیشنل میڈیکل کمیشن بل کے خلاف اپنی ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ طلبا کے ایک گروپ کی جانب سے اس بل کے خلاف غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال بھی جاری ہے جبکہ ایک اور گروپ کی جانب سے آج منگل کو زنجیری بھوک ہڑتال کا اہتمام کیا گیا ۔ جونئیر ڈاکٹرس نے یہ بات بتائی ۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے انہیں چہارشنبہ کو ویدیا گرجنا کے دھرناچوک پر انعقاد کی اجازت دیدی ہے ۔ جونئیر ڈاکٹرس نے قبل ازیںریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر سے ملاقات کی تھی جنہوں نے اس مسئلہ پر مرکزی وزیر صحت سے نمائندگی کا تیقن دیا ہے ۔
تلنگانہ عوام پروفیسر جئے شنکر کو کبھی فراموش نہیں کرینگے : کے سی آر
حیدرآباد 6 اگسٹ ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج کہا کہ تلنگانہ کے عوام پروفیسر کے جئے شنکر کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرینگے جنہوں نے تلنگانہ کے نظریہ کیلئے بے تکان جدوجہد کی تھی ۔ پروفیسر جئے شنکر کی یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ایک بیان میں چیف منسٹر نے آنجہانی کی خدمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ عوام انہیں کبھی فراموش نہیں کرینگے ۔