جونیئر ایشیاکپ: ہندوستانی ٹیم آج پاکستان کے چیلنج کے لیے تیار

   

نئی دہلی۔ لگاتار دومقابلوں میں فتوحات کے ساتھ دلچسپ انداز میں اپنی مہم کا آغاز کرنے کے بعد، ہندوستان مینز جونیئر ایشیا کپ میں اپنے گروپ مرحلے کی جیت کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش میں ہفتہ کو روایتی حریف پاکستان سے مقابلہ کرے گا اور یہ مقابلہ سلالہ، عمان میں ہوگا ۔ہندوستان نے اپنے پہلے پول اے میچ میں چائنیز تائی پے کے خلاف 18-0 سے شاندار جیت درج کی اور اریجیت سنگھ ہنڈل (36′)، شاردا نند تیواری (39′) اور اتم سنگھ (39′) کے ساتھ جمعرات کو جاپان کے خلاف 3-1 سے واپسی کی۔ پاکستان کے خلاف مقابلے سے قبل بات کرتے ہوئے کپتان اتم سنگھ نے کہا ہم نے ٹورنمنٹ کا آغاز مضبوط انداز میں کیا ہے اور ہم پاکستان کے خلاف اسی ذہنیت کے ساتھ مقابلہ جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔ ہماری پہلی دو فتوحات نے ہمیں وہ اعتماد دیا ہے جس کی ہمیں ٹورنمنٹ میں ضرورت تھی۔ پاکستان کے پاس بھی ایک مضبوط ٹیم ہے اور یہ ایک قریبی مقابلہ ہوگا۔ہمارے پاس ایک اچھی دفاعی یونٹ ہے لیکن پاکستان کے پاس اپنی صفوں میں اچھے حملہ آور بھی ہیں لیکن ہم نے ماضی میں اسی طرح کے چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہم انہیں گول کرنے سے روک سکیں گے۔ اتم نے ہاکی انڈیا کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ایک مسابقتی مقابلے کی امید ہے ۔ پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے لیکن ہم نے اچھی ٹریننگ کی ہے اور اگر ہم اس پر توجہ دیں جو ہم پچھلے کچھ مہینوں سے سیکھ رہے ہیں، تو ہم اس مقابلے سے اچھا نتیجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ہمیں پرسکون رہنا ہوگا اور اپنی طاقت کے مطابق کھیلنا ہے۔ علاوہ ازیں قومی جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ سی آر کمار نے کہا دونوں ٹیمیں آخری بار2015 کے مردوں کے جونیئر ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوئی تھیں، جسے ہندوستان نے 6-2 سے جیتا تھا۔2011 کے بعد سے ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم اور پاکستان کی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم سات بار آمنے سامنے ہو چکی ہے، جس میں ہندوستان نے پانچ بار جیتا، پاکستان نے ایک بارجیتا، اور ایک میچ ٹائی پر ختم ہوا۔ہندوستان 27 مئی کو پاکستان کے خلاف کھیلے گا اور 28 مئی کو تھائی لینڈ کے خلاف اپنا آخری پول میچ کھیلے گا۔امید ہے کہ ہندوستانی ٹیم جس نے پاکستان کے خلاف حالیہ برسوں میں فتوحات کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اس میں مزید ایک اضافہ ہوگا ۔