کراچی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پاکستان جونیئر لیگ کا انعقاد کرنا چاہتا ہے لیکن اس کی چھ ٹیموں میں سے کسی کو بھی خریدار نہیں ملا۔ بورڈ نے اعلان کیا کہ پہلی پاکستان جونیئر لیگ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق کھیلی جائے گی اور تمام ٹیم مینجمنٹ پی سی بی خود سنبھالے گی۔بورڈ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد لیگ کے مشیر ہوں گے۔ ان کے علاوہ ویوین رچرڈز، عمران طاہر، ڈیرن سیمی، کولن منرو، شاہد آفریدی اور شعیب ملک ٹیموں کی رہنمائی کا کردار ادا کریں گے۔بورڈ نے پہلے تمام چھ ٹیموں کے لیے بولی لگانے کا اعلان کیا تھا لیکن پی سی بی کی مقررکردہ قیمت پرکسی نے بولی نہیں لگائی۔ پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ پہلی جونیئر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل لیگ ہے اور یقیناً اسپانسرز اور بولی لگانے والے قدرے خوفزدہ تھے۔