بنارس، 17 مارچ (یو این آئی) بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (آئی ایم ایس) کے شعبہ سرجری میں ایک جونیئر ڈاکٹر کے اقدام خودکشی کا معاملہ زور پکڑتا جا رہا ہے ۔ اس معاملے پر جونیئر ڈاکٹر ناراض ہیں اور انہوں نے کام روک دیا ہے ۔ جونیئر ڈاکٹر خودکشی پر اکسانے والے شخص کے خلاف فوری کارروائی، تحقیقاتی کمیٹی میں ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو شامل کرنے اور کام کے طویل اوقات میں فوری کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (آئی ایم ایس) کے ڈائریکٹر پروفیسر ایس این شنکھوار کے مطابق ایک ریزیڈنٹ ڈاکٹر نے کچھ دوا کھالی تھی، جس کی وجہ سے وہ آئی سی یو میں داخل ہیں۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی صحت کی نگرانی کر رہی ہے ۔ ریزیڈنٹ ڈاکٹر تحقیقات کا مطالبہ ہے کہ ڈیوٹی کے اوقات کم کیے جائیں اور زیادہ دباؤ نہ دیا جائے ۔