جونیئر کالجس میں ماقبل امتحان داخلوں کے خلاف کارروائی

   

حیدرآباد۔ ایس ایس سی امتحانات سے قبل بعض جونیئر کالجس کی جانب سے داخلوں کا عمل شروع کرنے کی شکایت پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ مذکورہ کالجس کو نوٹسیں جاری کریں۔ تلنگانہ اسٹیٹ کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس نے شکایت کی تھی کہ بعض کالجس میں جو دلسکھ نگر، کتہ پیٹ اور چیتنیا پوری علاقوں میں واقع ہیں، انہوں نے ایس ایس سی امتحانات سے قبل ہی جونیئر کالجس میں داخلوں کا آغاز کردیا۔ پی انجن رائو رکن کمیشن فار چائلڈ پروٹیکشن نے کمشنر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو اس سلسلہ میں کارروائی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سید عمر جلیل سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے ماتحت عہدیداروں کو مذکورہ کالجس کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی۔