نئی دہلی: حال ہی میں خواتین کا جونیئر ایشیا کپ جیتنے کے بعد پرجوش ہندوستانی لڑکیوں کی جونیئر ہاکی ٹیم کی نظریں اگلے ماہ منعقد ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز جونیئر ورلڈ کپ پر لگی ہوئی ہیں۔ ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز جونیئر ورلڈ کپ 29 نومبر سے 10 دسمبر تک چلی کے سنٹیاگو میں کھیلا جائے گا، جس کیلئے ہندوستانی ٹیم ان دنوں خوب پسینہ بہا رہی ہے۔ ویمنز جونیئر ورلڈ کپ میں 16ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ہندوستان کو پول سی میں جرمنی، بلجیم اور کینیڈا کے ساتھ رکھا گیا ہے ۔ پول اے میں نیدرلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور میزبان چلی جبکہ پول بی میں ارجنٹائن، کوریا، اسپین اور زمبابوے کو رکھا گیا ہے ۔ پول ڈی انگلینڈ، امریکہ، نیوزی لینڈ اور جاپان پر مشتمل ہے ۔ ہندوستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 29 نومبر کو کینیڈا کے خلاف کرے گی جب کہ 30نومبر کو اس کا مقابلہ جرمنی اور 2 دسمبر کو بلجیم سے ہوگا۔ اس سال جون میں جاپان کے کاکامیگہارا میں منعقدہ خواتین جونیئر ایشیا کپ 2023 میں ہندوستانی ٹیم نے تمام چھ میچ جیت کر ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز جونیئر ورلڈ کپ 2023 کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ ہندوستان نے سنسنی خیز فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-1 سے شکست دی تھی۔یہ پہلا موقع تھا جب ہندوستانی جونیئر ہاکی ٹیم نے خواتین کا جونیئر ایشیا کپ جیتا۔ ٹیم کے کوچ تشار کھانڈکر نے کہا کہ ہم ایف آئی ایچ ہاکی خواتین کے جونیئر ورلڈ کپ 2023 سے پہلے بہتری کے شعبوں پر کام کر رہے ہیں۔