حیدرآباد :۔ ولیج ریونیو آفیسرس ( وی آر اوز ) نے تلنگانہ حکومت سے ایک مرتبہ پھر درخواست کی کہ تمام وی آر اوز کو ریونیو ڈپارٹمنٹ ہی میں دوبارہ پوسٹنگس دی جائے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کلکٹرس سے وی آر اوز سے متعلق ڈیٹا حاصل کرنے کے تناطر میں تلنگانہ ولیج ریونیو آفیسرس ویلفیر اسوسی ایشن کے صدر جی اوپندرا راؤ اور جنرل سکریٹری سدھاکر راؤ نے کہا کہ اگر وی آر اوز کو کسی دوسرے محکمہ کو بھیجا گیا تو حکومت کو قانونی مسائل کا سامنا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ نئے بنائے گئے منڈلس ، ڈیویژنس اور اضلاع میں کیڈر تعداد مقرر کی جائے تاکہ وی آر اوز کو جونیر اسسٹنٹس کے طور پر مامور کیا جاسکے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر اسمبلی حلقہ کے لیے ایک ریونیو ڈیویژن کی منظوری دی جائے ۔ ریاستی حکومت نے چھ ماہ قبل وی آر او سسٹم کو منسوخ کردیا تھا اور اسے ہنوز 5,485 وی آر اوز کو پوسٹنگس دینا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ حکومت کی جانب سے جامع اراضی سروے شروع کیا جائے ۔۔