جونیر پنچایت سکریٹریز کی خدمات باقاعدہ بنانے کا مطالبہ

   

چیف منسٹر کے سی آر کو بنڈی سنجے کا مکتوب
حیدرآباد۔/3 مئی، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے جونیر پنچایت راج سکریٹریز کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ ریاست کے 9350 جونیر پنچایت سکریٹریز اپنے مطالبات کی تکمیل کیلئے گذشتہ 6 دنوں سے احتجاج کررہے ہیں۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ ان کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ جائز ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ ریاست میں کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنایا جائے گا۔ نئے سکریٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر چیف منسٹر نے کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنانے کی فائیل پر دستخط کئے لیکن مسابقتی امتحانات کے ذریعہ اہلیت حاصل کرنے والے جونیر پنچایت سکریٹریز کی ملازمت کو ختم ہوئے چار سال ہوچکے ہیں لیکن آج تک انہیں باقاعدہ نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی میں پنچایت سکریٹریز کا اہم رول ہے۔ر