بصورت دیگر سخت کارروائی کا انتباہ ، ویکسین کی قلت کے لیے مرکز ذمہ دار : کے ٹی آر
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے جونیر ڈاکٹرس کو فوری ہڑتال سے دستبردار ہوجانے پر زور دیا ۔ بصورت دیگر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ واضح رہے کہ جونیر ڈاکٹرس اپنے مطالبات کی یکسوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے آج سے ریاست کے تمام سرکاری ہاسپٹلس میں ہڑتال کرتے ہوئے خدمات کا بائیکاٹ کیا ہے اور صرف ایمرجنسی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ مطالبات کی دو دن میں عدم یکسوئی پر 28 مئی سے ایمرجنسی خدمات سے بھی دستبرداری اختیار کرنے کا حکومت کو الٹی میٹم دیا ہے ۔ جونیر ڈاکٹرس کی ہڑتال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ یہ ہڑتال کرنے کا وقت نہیں ہے فوری جونیر ڈاکٹرس ہڑتال سے دستبردار ہوجائے اور خدمات سے رجوع ہوجائیں ۔ بصورت دیگر حکومت سخت کارروائی کرے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت جونیر ڈاکٹرس کے مسائل اور مطالبات کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے ۔ کورونا بحران کے دوران جونیر ڈاکٹرس کا ہڑتال کرنا غیر مناسب ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے ٹیکہ کی سربراہی میں مرکزی حکومت کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت وقت پر ردعمل کا اظہار نہ کرنے کی وجہ ریاست میں ٹیکوں کی قلت پیدا ہوئی ہے ۔ حیدرآباد ٹیکوں کا ہب ہونے کے باوجود گلوبل ٹنڈرس طلب کرنے کی نوبت آئی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ایک کروڑ ویکسین کے لیے حکومت نے گلوبل ٹنڈرس طلب کیا ہے ۔۔