پوسٹل ڈپارٹمنٹ عہدیداروں کی سکریٹری انٹرمیڈیٹ سے ملاقات، طلبہ کیلئے آدھار اپ ڈیٹ کا موقع
حیدرآباد۔ 15 جولائی (سیاست نیوز) ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ اینڈ UIDAI کے عہدیداروں نے سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کرشنا آدتیہ آئی اے ایس سے ملاقات کی اور ریاست کے تمام انٹر میڈیٹ کالجس میں طلبہ کے لئے لازمی طور پر بائیومیٹرک اپ ڈیٹ کے لئے آدھار کیمپس کے انعقاد کا جائزہ لیا۔ 15 سے 17 سال عمر کے طلبہ کے لئے آدھار بائیومیٹرک کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ قومی سطح کے انٹرنس امتحانات جیسے نیٹ، JEE، CUT اور دیگر مسابقتی امتحانات میں شرکت کے لئے آدھار لازمی دستاویز ہے جس کے لئے اسے بروقت اپ ڈیٹ کرنا ضروری رہے گا۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے ہیڈکوارٹرس ریجن کے تحت 138 پوسٹ آفس آدھار سیوا کیندر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈپارٹمنٹ نے UIDAI کے اشتراک سے عوام کی سہولت کے لئے پوسٹ آفسوں کے حدود میں آدھار سیوا کیندر قائم کئے ہیں۔ نئے آدھار کے لئے انرولمنٹ کے علاوہ بائیومیٹرک سہولتیں دستیاب ہیں۔ ہیڈکوارٹرس ریجن میں تاحال 8.5 لاکھ آدھار سے مربوط امور کی 2019 سے تکمیل کی گئی۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کرشنا آدتیہ نے پوسٹل ڈپارٹمنٹ کی خدمات کو سراہا اور جونیر کالجس میں آدھار کیمپس کے انعقاد کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ تمام کالجس کو اس سلسلہ میں ہدایات جاری کی جائیں گی۔ سی ایچ راما کرشنا سینئر سپرنٹنڈنٹ پوسٹ آفیسیس حیدرآباد سٹی ڈیویژن اور آر ستیہ نارائنا اسسٹنٹ ڈائرکٹر II، ریجنل آفس اور رتناکر اسسٹنٹ مینجر UIDAI ریجنل آفس نے کرشنا آدتیہ سے ملاقات کی۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مرحلہ وار طور پر جونیر کالجس میں آدھار کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ تمام سرکاری امدادی اور خانگی جونیر کالجس کے پرنسپلس، اسٹاف اور طلبہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ کالجس میں اس سہولت سے استفادہ کریں۔ 1