مسابقتی امتحانات کے نام کالجس کو چلانے کے خلاف سخت انتباہ ، سکریٹری انٹر بورڈ کا کالجس کو نوٹس
حیدرآباد۔25مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں جونیئر کالجس کو 30مارچ 2019 سے 31مئی 2019تک گرمائی تعطیلات رہیں گی اور تعلیمی سال 2019-20کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔سیکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن مسٹر اے اشوک نے اعلامیہ میں یہ بات بتائی اور کہا کہ گرمائی تعطیلات کے دوران کسی بھی سرکاری ‘ امدادی اور خانگی انٹرمیڈیٹ کالج کو خصوصی کلاسس کے نام پر کالجس جاری رکھنے کی اجازت حاصل نہیں رہے گی اور جو کالج انتظامیہ اس طرح کی حرکات میں ملوث پائے جائیں گے ان کالجس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔تمام خانگی ‘ امدادی اور سرکاری کالجس کے انتظامیہ کو اس بات کی اطلاع دے دی گئی ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ انٹرمیڈیٹ کالجس کی جانب سے نیٹ اور ایمسیٹ کی تیاری کے نام خصوصی کلاسس کو بھی جاری رکھنے کی اجازت حاصل نہیں رہے گی ۔ بورڈ کے ذرائع کے مطابق کالجس کی جانب سے گرمائی تعطیلات کے دوران اہلیتی امتحانات کی تیاری کے نام پر طلبہ پر بوجھ عائد کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے طلبہ اور اولیائے طلبہ میں بے چینی پیدا ہونے رہی ہے اسی لئے تلنگانہ انٹر میڈیٹ بورڈ کی جانب سے گرمائی تعطیلات کے سلسلہ میں واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ کوئی بھی جونیئر کالجس میں گرمائی تعطیلات کے دوران خصوصی کلاسس کے نام پر کالجس کو جاری نہ رکھیں بلکہ گرمائی تعطیلات کے دوران کالجس کو مکمل طور پر بند رکھا جائے ۔مسٹر اے اشوک کے مطابق ریاست میں موجود تمام جونیئر کالجس کے انتظامیہ اور پرنسپل کو تحریری مکتوبات روانہ کرتے ہوئے اس بات کی ہدایت دے دی گئی ہے ۔