حیدرآباد13 :مارچ (یواین آئی) شہرحیدرآباد کے گاندھی اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجا راؤ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کورونا کی مزید نئی شکلیں آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس وائرس کے آغاز کے بعد سے اس کے تجزیہ سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ایک شکل سے دوسری شکل کے پیدا ہونے میں 6ماہ کا وقت لگتا ہے ۔انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ کورونا کی نئی شکل جون یا پھر جولائی میں آئے گی۔انہوں نے عوام کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ وائرس میں کمی پر لاپرواہی کامظاہرہ نہ کریں۔یہ وائرس مکمل طورپر ختم نہیں ہوا ہے ۔کورونا کی نئی شکل سامنے آئے گی تاہم اس کی شدت کے بارے میں ہنوز کچھ نہیں کہاجاسکتا۔ کسی بھی وائرس کا بدلنا عام بات ہے ۔ عوام کو چاہیے کہ وہ کورونا کے قوانین پر زیادہ سے زیادہ عمل کریں۔ عوامی مقامات پر جاتے وقت ماسک لگانا نہ بھولیں۔ ہاتھوں کے لیے سینی ٹائزر، جسمانی فاصلہ لازمی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ آنے والے کچھ وقت تک ان کورونا قوانین پر عمل کرنا ہوگا۔