واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو کہا ہیکہ امریکی خاتون جوڈیتھ وائن اسٹائن کو حماس نے 7 اکتوبر کو اس وقت ہلاک کر دیا جب عسکریت پسند گروپ نے اسرائیل پر حملہ کیاتھا۔ امریکی خاتون جوڈیتھ وائنسٹائن کے بارے میں خیال تھا کہ 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل پر حملے کے دوران انہیں بھی یرغمال بنا لیا تھا، اب امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو کہا ہے کہ وہ اسی روز حماس کے حملے میں ماری گئی تھیں۔ 7 اکتوبر کے حملے کے متعلق اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس دوران 1140 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ عسکریت پسند گروپ کے ارکان 240 کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ اس بڑے اور اچانک حملے کے ردعمل میں اسرائیل نے حماس کے خلاف ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کی جو 12 ہفتہ گزر جانے کے بعد اب بھی جاری ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی فوجی حملوں میں 21 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک اور مزید ہزاروں زخمی ہیں جب کہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ جوڈیتھ وائن اسٹائن کی 7 اکتوبر کو حماس کے ہاتھوں ہلاکت کی تصدیق کے بعد صدر بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں اپنے اس عزم کی توثیق کرتا ہوں جو ہم نے یرغمال بنائے گئے تمام خاندانوں سے کیا ہے کہ ہم انہیں گھر لانے کے لیے کام کرنا ختم نہیں کریں گے۔