نیویارک ۔ 31اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک اور دفاعی چمپئن نواک جوکووچ نے بہ آسانی چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ یو ایس اوپن کے دیگر مقابلوں میں سرینا ولیمس اور راجر فیڈرر بھی کامیاب رہے لیکن جاپان کے کائی نیشی کوری کو شکست برداشت کرنی پڑی ۔ گذشتہ پانچ گرانڈ سلامس میں چار خطابات حاصل کرنے والے 16مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن جوکووچ نے امریکی کھلاڑی ڈینس کُڈلا کو بہ آسانی 6-3, 6-4, 6-2سے شکست دی ۔ جوکووچ نے اس کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ مقابلہ کے بعد مجھے تکلیف محسوس ہورہی تھی لیکن آج بہ آسانی کامیابی حاصل کی اور کھیل کے دوران کسی قسم کی کوئی دقت نہیں تھی ۔ تاہم انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ کاندھے کے علاج کی وجہ سے وہ آئندہ مقابلوں میں کیا ہوسکتا ہے اس کی پیش قیاسی نہیں کرسکتے ہیں۔ جوکووچ نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران انہیں کاندھے کی تکلیف سے کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ۔ 32سالہ جوکووچ اتوار کو اپنے چوتھے راونڈ کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ کے تین مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن اسٹین ووارنکا سے کریں گے جنہوں نے اطالوی کھلاڑی پالو لورنزی کو ایک سخت مقابلہ کے بعد 6-4, 7-6(11-9), 7-6(7-4)سے شکست دی ۔ جوکووچ کو 2006ء میں یو ایس اوپن کے تیسرے راونڈ سے ہی باہر ہونا پڑا لیکن اُس کے بعد سے وہ ہر وقت سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرچکے ہیں ۔ جوکووچ اور واؤرنکا کے درمیان فتوحات کے اعداد و شمار 19-5 ہیں جس کو جوکووچ کو سبقت حاصل ہے تاہم 2016ء کے یو ایس اوپن فائنل میں جوکووچ کو واؤرنکا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی ۔20مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن راجر فیڈرر نے ٹورنمنٹ میں بالآخر راست سیٹوں میں کامیابی حاصل کی جیسا کہ انہوں نے برطانوی ٹینس اسٹار ڈین ایونس کو راست سیٹوں میں 6-2, 6-2, 6-1 سے شکست دی ۔ انہوں نے صرف منٹوں میں کامیابی اپنے نام درج کرلی حالانکہ ابتدائی دو مرحلوں کے مقابلوں میں انہیں پہلا سیٹ گنوانا پڑا تھا ۔ فیڈرر نے اس کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی دو مقابلوں میں پہلا سیٹ گنوانے کے باوجود میں تیسرے مرحلہ میں رسائی حاصل کرچکا تھا اور اب راست سیٹوں میں کامیابی اطمینان بخش ہے ۔ خاتون زمروں کے مقابلوں میں سرینا ولیمس نے 24ویں گرانڈ سلام کی مہم کامیابی سے ساتھ جاری رکھی ہے جیسا کہ انہوں نے چک جمہوریہ کی کیرولینا موچووا کو 74منٹوں میں راست سیٹوں میں 6-3, 6-2سے شکست دی ۔ تیسرے مرحلے میں حیران کن شکست 2014کے رنراپ کائی نیشی کوری کی شکست ہے جنہیں آسٹریلیا کے 20سالہ نوجوان کھلاڑی ایلکس ڈی مینار نے 6-2, 6-4, 2-6, 6-3سے شکست دی ۔ ایلکس کی یہ سرفہرست 10کھلاڑیوں کے خلاف گرانڈ سلام میں پہلی کامیابی ہے ۔