جوکووچ آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں داخل

   

کناڈا کے میلوس راونک سے سامنا ہوگا ۔ پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا ے ڈیگو شوارڈزمین کے خلاف کامیابی

ملبورن 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چمپئن نواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن چمپئن شپ میں اپنی شاندار کامیابیوں کاسلسلہ جاری رکھتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ انہوں نے ڈیگو شوارڈز مین کے خلاف اپنے پری کوارٹر فائنل میچ میں کے خلاف 6-3, 6-4, 6-4 سے کامیابی حاصل کی ۔ جوکووچ اپنے آٹھویں آسٹریلین اوپن خطاب کی دوڑ میں ہیں۔ وہ گیارہویں مرتبہ آسٹریلین اوپنر کے کوارٹر فائنل تک پہونچے ہیں۔ اب کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ میلوس راونک سے ہونے والا ہے ۔ کناڈا کے راونک بھی اس ٹورنمنٹ میں بہترین فارم میںنظر آتے ہیں اور ابھی تک کی کامیابیوں میں انہوں نے ایک بھی سیٹ میں شکست نہیں کھائی ہے ۔ انہوں نے سابق ساتھی مارن سیلک کے خلاف اپنے میچ میں 6-4, 6-3, 7-5 سے کامیابی درج کرواتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے ۔ جوکووچ نے کوارٹر فائنل میں رسائی کے بعد کہا کہ میلوس راونک ایک دراز قامت اور بہترین کھلاڑی ہے اور اس کی سرویس بھی بہت تیز ہوتی ہے ۔ جوکووچ اب تک 46 مرتبہ کسی گرانڈ سلام کے کوارٹر فائنل میں پہونچے ہیں اور وہ اس معاملہ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ پہلے نمبر پر روجر فیڈرر ہیں جنہوں نے 57 مرتبہ ایسی رسائی حاصل کی ہے ۔ اب تک جووچ اور میلوس راونک کے درمیان جملہ نو مقابلے ہوئے ہیں اور ان تمام میں جوکووچ نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ تاہم راونک اب پوری طرح فٹ ہیں جبکہ انہیں کئی مہینوں تک مسلسل زخموں کی وجہ سے جدوجہد کا شکار ہونا پڑا تھا اور ان کی طاقتور سرویس جوکوچ کیلئے مسائل پیدا کرسکتی ہے ۔ راونک نے اپنی کامیابی کے بعد یہ پوچھے جانے پر کہ جوکووچ کو شکست دینے کیلئے انہیں کیا کرنا ہوگا کہا کہ وہ زیادہ توجہ اور چستی کے ساتھ مظاہرہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کے کھیل کی نوعیت قدرے مختلف ہے اور اب تک جوکووچ نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور میری سرویس کو بھی انہوں نے قابو میں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ تجربات کو دیکھتے ہوئے انہیں اس بار اپنے کھیل پر توجہ کرنے کی ضرورت ہے اور وہ اپنی غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش بھی کرینگے ۔ انہوں نے 2016 کے سیمی فائنل کا تذکرہ کیا جب انہیں اینڈرے مرے کو شکست ہوئی تھی ۔ حالانکہ راونک کا کیرئیر اب تک کئی مراحل میں زخموں سے چور رہا ہے اور انہیں پروفیشنل ٹینس میں مشکلات کا سامنا بھی بہت رہا ہے تاہم اب وہ پوری طرح سے فٹ نظر آتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ کوارٹر فائنل میں جوکووچ کے خلاف اس بار اچھا مظاہرہ کرپائیں گے ۔