جوکووچ اورنڈال کی آسان پیشقدمی

   

پیرس: دنیا کے نمبر ایک ٹینس کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ نے سال کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن میں فاتحانہ شروعات کرتے ہوئے امریکہ کے ٹینس سینڈگرین کو راست سیٹوں میں 6-2، 6-4، 6-2 سے شکست دے کر دوسرے دور میں جگہ بنالی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کلے کورٹ پر یہ پہلا مقابلہ تھا۔ سینڈگرین نے 2018 کے یو ایس اوپن میں جوکووچ سے ایک سیٹ چھین لیا تھا لیکن پیرس میں وہ ایسا کوئی کارنامہ انجام نہیں دے سکے ۔ جوکووچ نے ایک گھنٹے58 منٹ میں ملی اپنی کامیابی کی راہ میں چھ بریک پوائنٹ کا سامنا کیا اور سبھی بریک پوائنٹ بچالیئے ۔ سال2016 میں یہاں چمپئن رہ چکے جوکووچ گزشتہ ہفتہ کو بیلگراد اوپن کی شکل میں اپنا 83 واں اے ٹی پی ٹور خطاب جیت کر اس ٹورنمنٹ میں اترے ہیں ۔ ان کا اس سیزن میں3-21 کا ریکارڈ ہے جس میں نویں مرتبہ آسٹریلین اوپن شامل ہے جو ان کا 18 واں گرانڈ سلام خطاب ہے ۔ جوکووچ لگاتار17 ویں بار فرنچ اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچے ہیں جہاں ان کا مقابلہ یوروگوئے کے پابلو کیواس سے ہوگا۔ انہوں نے فرانس کے لوکاس پوئلی کو 6-3، 6-1، 6-3 سے شکست دی۔علاوہ ازیں چھٹی سیڈ جرمنی کے آندرے جیوریف نے روس کے 24 سالہ رومن سیفولن کو دو گھنٹے27 منٹ طویل سخت مقابلے میں 7-6 ، 6-3 ، 7-6 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی ۔ زیوریو نے پہلے اور تیسرے سیٹ کے ٹائی بریکر 7-4 اور 7-1 سے جیتا۔ خواتین کے زمرے میں الٹ پھیر میں دسویں سیڈ سوئزرلینڈ کی بولنڈا بینسچ کو دوسرے راونڈ میں روس کی ڈی کساتکنا نے صرف ایک گھنٹے 16 منٹ میں 6-2 6-2 سے ہرا کر باہر کردیا۔ سابق عالمی نمبر ایک وینس ولیمس کو الیگزینڈ رووا کے خلاف راست سیٹوں میں 3-6,1-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کی ایش بارٹی کو کامیابی حاصل کرنے کیلئے 3 سیٹوں کی سخت جدوجہد برداشت کرنی پڑی۔ تاہم انہوں نے امریکہ کی پیرا کو 6-4,3-6,6-2 سے شکست دی۔ خطاب کی ایک اور دعویدار پلیس کووا کو پہلے ہی مرحلہ کے مقابلہ میں ہم وطن کریچ سیکووا کے خلاف 7-5,4-6,2-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ خاتون زمرہ کے مقابلوں میں جہاں کئی غیرمتوقع نتائج حاصل ہوئے ہیں، وہیں سوئیٹولینا نے اپنے پہلے مرحلہ کا مقابلہ باآسانی 6-2,7-5 سے اپنے نام کیا۔ امریکہ کی نوجوان کھلاڑی کوکوگاف نے حریف کورونک کے خلاف سخت ترین پہلے سیٹ کے بعد مقابلہ راست سیٹوں میں اپنے نام کیا۔ جیسا کہ انہوں نے حریف کو 7-6(13-11)، 6-4 سے شکست دیکر دوسرے مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ پہلے راونڈ کے ایک اور مرحلہ میں سابق فرنچ اوپن چمپئن کارلوسوریز نوواروو کو امریکہ کی اسٹیفنس کے خلاف تین سیٹوں کے مسابقتی مقابلوں میں 6-3,7-6(7-4),4-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ قبل ازیں پہلے راونڈ کے مرد زمرہ کے مقابلہ میں جنوبی افریقہ کے اینڈرسن جنہوں نے ایک سے زائد مرتبہ گرانڈ سلام اوپن کا فائنل کھیلا ہے انہیں کوریا کے کوون کے خلاف چار سیٹوں کے سخت ترین مقابلہ میں 5-7,4-6,6-2,6-7(4-7) کی شکست برداشت کرنی پڑی۔