میلبورن۔25 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک کھلاڑی اور ٹاپ سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ نے جاندار مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کے لوکاس پولي کو جمعہ کو سیمی فائنل میں یکطرفہ انداز میں 6-0، 6-2، 6-2 سے ہراکر سال کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے خطابی مقابلے میں داخلہ حاصل کر لیا۔جوکووچ کا ریکارڈ ساتویں خطاب کے لئے 31 سالہ اسپین کے رافیل نڈال سے مقابلہ ہوگا جنہوں نے کل پہلے سیمی فائنل یونان کے جائنٹ کلر استفانوس ستسپاس کو 6-2، 6-4، 6-0 سے شکست دی تھی۔ عالمی نمبر ایک اور نمبر دو کھلاڑی کے درمیان آسٹریلین اوپن کا خطابی مقابلہ کسی بلاک بسٹر سے کم نہیں ہوگا۔جوکووچ ریکارڈ ساتویں آسٹریلین اوپن ٹائٹل کی تلاش میں ہیں اور اگر وہ نڈال کو شکست دینے میں کامیاب رہتے ہیں تو وہ سب سے زیادہ بار آسٹریلین اوپن کا خطاب جیتنے میں رائے ایمرسن اور راجر فیڈرر کو پیچھے چھوڑ دیں گے ۔میلبورن میں جوکووچ اور نڈال کا اس سے پہلے فائنل میں 2012 میں مقابلہ ہوا تھا اور پھر سربیا ئی کھلاڑی نے کامیابی حاصل کی تھی۔ نڈال یہاں 2009 میں چمپئن رہ چکے ہیں اور اپنا پانچواں فائنل کھیلیں گے ۔ نڈال اب تک 17 اور جوکووچ 14 گرانڈ سلام ٹائٹل جیت چکے ہیں۔جوکووچ نے پہلی بار گرانڈ سلام سیمی فائنل کھیل رہے پولي کو ایک گھنٹے 23 منٹ میں شکست دی۔ ٹورنامنٹ کے دونوں ہی سیمی فائنل مکمل طور یکطرفہ رہے لیکن اب فائنل کانٹے کی ٹکر کا ہوگا۔ 28 ویں سیڈ پولي کے پاس سربیا کے کھلاڑی کے شاندار کھیل کا کوئی جواب نہیں تھا اور وہ پورے میچ میں صرف چار گیم ہی جیت پائے ۔عالمی نمبر ایک کھلاڑی نے پورے میچ میں صرف پانچ بے جا بھولیں کیں اور اپنے 53 سروس پوائنٹس میں سے 45 جیتے ۔ جوکووچ اب اپنے 15 ویں گرانڈ سلام سے ایک قدم دور رہ گئے ہیں۔ اگر وہ جیت حاصل کرتے ہیں تو وہ سب سے زیادہ گرانڈ سلام ٹائٹل جیتنے میں فیڈرر (20) اور نڈال (17) کے بعد تیسرے نمبر پر آ جائیں گے اور امریکہ کے پیٹ سمپراس (14) کو پیچھے چھوڑ دیں گے ۔یہ بھی دلچسپ ہے کہ جوکووچ اور نڈال دونوں ہی 31 سال کے ہیں۔ جوکووچ کا نڈال کے خلاف 27-25 کا کریئر ریکارڈ ہے ۔ دونوں کے درمیان جب 2012 کے فائنل میں جب گزشتہ مقابلہ ہوا تھا تو وہ میچ پانچ گھنٹے 53 منٹ تک چلا تھا۔ ہارڈ کورٹ پر جوکووچ کا نڈال کے خلاف 18-7 کا ریکارڈ ہے لیکن گرانڈ سلام میں نڈال سربیا کھلاڑی کے خلاف 9-5 (فائنل میں 4-3) کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔جوکووچ نے 2016 کے فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے کو شکست دے کر چھ آسٹریلین اوپن کے خطاب کے ریکارڈ کی برابری کی تھی۔ انہوں نے 2008 میں جو ولفریڈ سونگا، 2011 میں مرے ، 2012 میں نڈال اور 2013 اور 2015 میں مرے کو ہرا کر خطاب جیتے تھے ۔پولي اس ہار کے باوجود پیر کو جاری ہونے والی نئی رینکنگ میں 17 ویں نمبر پر پہنچ جائیں گے جبکہ جوکووچ سیمی فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی اپنا نمبر ون برقرار رکھنا یقینی کر چکے ہیں۔