دبئی ۔27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں جاری دبئی ڈیوٹی فری ٹینس چمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ نے جرمن حریف فلپ کولشرائبر کو 6-3 اور 6-1 سے مات دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ اسی راؤنڈ میں کامیابی کے بعد نمبر تین سیڈ فرانس کے گیل مونفلس،جرمنی کے یان لینارڈ اسٹرف، فرانس کے رچرڈ گیسکوئے ،نمبر دو سیڈ یونان کے اسٹیفانوس سٹسیپاس اور نمبر سات سیڈ روس کے کیرن خاشانوف نے بھی کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔دوحہ میں جاری قطر اوپن کے ویمنزسنگل مقابلوں میں تیونس کی اونس جیبیور،نمبر چار سیڈ سوئٹزرلینڈ کی بلینڈا بین چچ،چین کی سائی سائی زینگ،نمبر نو سیڈ بیلاروس کی آرینا سبالینکا، نمبر آٹھ سیڈ چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا اور روس کی سویتلانا کزنیٹسووا نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ۔