جوکووچ کا شاپالو سے مقابلہ

   

شنگھائی ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ابھرتے ٹینس اسٹار ڈینس شاپالو نے یہاں شروع ہوئے شنگھائی ماسٹرس کے پہلے راونڈ میں ایک اور نوجوان باصلاحیت فرانس کے کھلاڑی ٹائیفو کو 6-4,6-1 سے شکست دی ہے لیکن دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میں ان کا سامنا عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ سے ہوگا جنہوں نے گذشتہ ہفتہ خطاب حاصل کیا ہے۔ شاپالو اور ٹائیپو کے درمیان مقابلہ کا مسابقتی انداز میں آغاز اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ پہلی گیم 15 منٹ طویل رہی جس میں کوئی بھی کھلاڑی آسانی سے ہار ماننے کو تیار نہیں تھا۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے شاپالو نے کہا کہ مقابلہ کا آغاز ہمیشہ ہی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور خاص کر پہلی گیند بنیادی رول ادا کرتی ہے اور دونوں ہی کھلاڑی بہتر آغاز کیلئے کوشاں تھے۔ یہی وجہ ہیکہ پہلی گیم 15 منٹ طویل رہی۔ عالمی درجہ بندی میں 36 ویں مقام پر فائز شاپالو نے عالمی نمبر ایک جوکووچ کے خلاف اپنے کریئر میں دو مقابلے کھیلے ہیں اور دونوں ہی مقابلے رواں برس ہی منعقد ہوئے ہیں۔ آسٹریلین اوپن کے تیسرے راونڈ میں جوکووچ اور شاپالو کا سامنا ہوا تھا جہاں شاپالو نے کامیابی کیلئے جوکووچ کو چار سیٹوں تک محنت کرنے پر مجبور کیا۔ اس کے بعد روم ماسٹرس کے دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میں بھی دونوں کھلاڑیوں کا سامنا ہوا ہے لیکن دونوں ہی مرتبہ جوکووچ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ جوکووچ کے خلاف کھیلے جانے والے اس مقابلہ کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے شاپالو نے کہا کہ جوکووچ نے مجھے گذشتہ دونوں مقابلوں میں بھی شکست دی ہے لیکن میں اس مرتبہ بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہوں۔