لندن۔15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) راجر فیڈرر نے بے عیب کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سابق عالمی نمبر ایک جوکووچ کے خلاف ومبلڈن کی شکست کا نہ صرف 6-4,6-3 کی کامیابی کے ساتھ بدلہ لیا بلکہ اے ٹی پی فائنلز کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ سوئس اسٹار فیڈرر نے ٹورنمنٹ کا مایوس کن آغاز کیا تھا جیسا کہ انہیں پہلے ہی مقابلے میں ڈومینک تھیئم کے خلاف راست سٹوں شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اس کے بعد انہوں نے سیمی فائنلز میں رسائی کیلئے جوکووچ کو شکست دینے والے مقابلے میں وہی نتائج حاصل کئے جس کی امید کی جارہی تھی ۔ اس شکست کی وجہ سے جوکووچ کو سال کا اختتام نمبر ایک کھلاڑی کے کرنے کی امید بھی چکنا چور ہوگئی کیونکہ اس شکست کا فائدہ رافل نڈال کو ہوا ہے جو اب سال کا اختتام بحثیت نمبر ایک کھلاڑی کریں گے۔ لندن کے او 2 ارینا میں شائقین سے بھرے میدان میں چھ مرتبہ کے چمپیئن فیڈرر نے شروع سے ہی شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے جوکووچ پر دباؤ بنایا اور پورے سٹ میں اپنی سروس پر صرف تین نشانات گنوائے۔ دوسرے سٹ کے آغاز میں سربیائی کھلاڑی جوکووچ نے اپنے کھیل کو تیز ترکردیا لیکن فیڈرر نے ایک بریک پوائنٹ کا سامنا کیا اس کو بچایا اور دو مرتبہ حریف کی سرویس توڑکر فتح حاصل کی۔ تیسرے درجہ کے فیڈرر جوکہ اے ٹی پی فائنلز میں 17 ویں مرتبہ شرکت کررہے ہیں اور سال کے آخر میں ہونے والے ایونٹ میں ان کا 16 واں سیمی فائنل ہے۔ جوکووچ کو خطاب جیتنے کی ضرورت تھی تاکہ وہ نڈال کو پہلے مقام سے باہر کرنے کا موقع حاصل کریں لیکن اب نڈال کو پانچویں مرتبہ پہلے مقام پر سال کے اختتام کا موقع مل گیا ہے ۔ نڈال اب فیڈرر، جوکووچ اور امریکی جمی کونرز کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ زبردست ماحول ، زبردست حریف اور ایک زبردست کامیابی تھی۔یہ یقینی طور پر حیرت انگیز اور خاص موقع تھا۔ میں شروع ہی سے اس مقابلے سے لطف اندوز ہوا۔ میں نے ناقابل یقین کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ فیڈرر نے گروپ بورن بورگ میں تھیم کے بعد دوسرا مقام حاصل کیا جیسا کہ تھیم نے اس ہفتے کے شروع میں فیڈررکے علاوہ جوکووچ کو بھی شکست دی ۔ ہفتہ کو فیڈرر کا سیمی فائنل میں مقابلہ گروپ آندرے اگاسی میں پہلا مقام حاصل کرنے والے کھلاڑی سے ہوگا۔ جوکووچ نے اعتراف کیا کہ فیڈرر کامیابی کے مستحق ہیں ۔