واشنگٹن، 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) روس کے ڈینل مدویدیف نے زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ کو ہفتہ کو سیمی فائنل میں شکست دے کر سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن کے پریکٹس ٹورنامنٹ سنسناٹی ماسٹرز کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے تاریخ بھی رقم کی۔مدویدیف ٹاپ سیڈ جوکووچ کو تین سیٹ کے مقابلے میں 3-6، 6-3، 6-3 سے شکست دے کر فائنل میں داخل ہوئے ۔ مدویدیف اس ٹورنامنٹ کے 120 سال کی تاریخ میں فائنل میں پہنچنے والے پہلے روسی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ مقابلہ ایک گھنٹے 43 منٹ میں جیت لیا۔مدویدیف کا فائنل میں مقابلہ بیلجئیم کے ڈیوڈ گوفن سے ہوگا جنہوں نے ایک اور سیمی فائنل میں فرانس کے رچرڈ گاسکے کو مسلسل سیٹوں میں 6-3، 6-4 سے شکست دی۔ گوفن کا یہ پہلا اے ٹی پی ماسٹرز 1000 فائنل ہے ۔خواتین کے زمرے میں بھی بڑا الٹ پھیر ہوا اور فرانسیسی اوپن چمپئن آسٹریلیا کی ایشلے بارٹي روس کی سویتلانہ کزنتسووا اپنا مقابلہ ہار کر نمبر ون بننے کا موقع گنوا بیٹھیں اگر وہ سیمی فائنل میں اپنا مقابلہ جیت لیتی تو وہ دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی جاپان کی ناومی اوساکا کو معزول کر نمبر ایک بن جاتیں۔ بارٹي کی ہار سے اوساکا کا نمبر ون بنے رہنا طے ہے ۔خواتین کے زمرے میں سویتلانہ نے دنیا کی نمبر دو کھلاڑی بارٹي کو مسلسل سیٹوں میں 6-2، 6-4 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ سویتلانہ کا خطابی مقابلہ امریکہ کی میڈیسن کیس سے ہوگا جنہوں نے سیمی فائنل میں ہم وطن صوفیہ کینن کو 7-5، 6-4 سے شکست دی۔مرد زمرے میں مدویدیف نے اپنی دوسری سروس سے عالمی نمبر ایک کھلاڑی کو چونکا دیا اور مسلسل اپنے دوسرے اے ٹی پی ماسٹرز 1000 فائنل اور مسلسل تیسرے فائنل میں جگہ بنا لی۔ مدویدیف اس سے پہلے واشنگٹن اور مونٹریال کے فائنل میں پہنچے تھے ۔یہ 2013 کے بعد پہلی بار ہے کہ جوکووچ پہلا سیٹ جیتنے کے بعد اے ٹی پی ماسٹرز 1000 سطح ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں نقصان سے دو چار ہوئے ہیں ۔ روسی کھلاڑی نے میچ میں 16 ایس لگاتے ہوئے جوکووچ کو دوسرے اور تیسرے سیٹ میں کوئی موقع نہیں دیا۔ مدویدیف کی اس سال جوکووچ پر یہ دوسری جیت ہے ۔ اس سے پہلے انہوں نے جوکووچ کو مونٹی کارلو میں شکست دی تھی۔اس شکست سے جوکووچ اپنے 50 ویں اے ٹی پی ماسٹرز 1000 فائنل میں جگہ بنانے سے چوک گئے جس کے مخصوص کلب میں اسپین کے رافیل نڈال (51) اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر شامل (50) ہیں۔