فلوریڈا: سربیا کے اسٹار ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے ارجنٹینا کے کیمیلو اُگو کارابیلی کو شکست دے کر میامی اوپن کے آخری 16 میں جگہ بنا لی۔چوتھی سیڈ یڈ سربیائی اسٹار نے ارجنٹینا کے کارابیلی کو 6-1, 7-6 (7-1) سے ہرایا۔ جوکووچ نے پہلا سٹ صرف 34 منٹ میں جیت لیا اور دوسرے سٹ میں جلد ہی بریک لے لیا۔ 24 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن جوکووچ نے ٹائی بریک میں 7-1 سے کامیابی حاصل کر کے اپنی جیت کو یقینی بنایا۔اس جیت کے ساتھ جوکووچ اے ٹی پی ماسٹرز 1000ایونٹس میں 411 فتوحات کے سنگ میل تک پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے رافیل نڈال کو پیچھے چھوڑ کر آل ٹائم فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے ۔37سالہ جوکووچ، جو اپنا ساتواں میامی اوپن ٹائٹل جیتنے کے خواہشمند ہیں، اگلے مرحلے میں اٹلی کے لورینزو موسیٹی کا سامنا کریں گے ۔ موسیٹی نے کینیڈا کے فیلکس اوگر۔الیاسیمے کو 4-6, 6-2, 6-3 سے شکست دے کراگلے راونڈ میں جگہ بنائی۔ دوسری طرف، نویں سیڈ یونانی کھلاڑی اسٹیفانوس تسسیپاس، امریکی کھلاڑی سیباسٹین کورڈا سے 7-6 (7-4), 6-3 سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ۔ ایک اور مقابلے میں بلغاریہ کے گریگور دیمتروف نے روس کے کارین خاچانوف کو 6-7 (7-3), 6-4, 7-5 سے شکست دی۔