جوکووچ کی گولڈ میڈل کے بعد 25 ویں گرانڈ سلام پر نظریں

   

نیویارک۔ نوواک جوکووچ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد جوش و خروش سے بھرے ہوئے ہیں اور پیر کو یہاں شروع ہونے والے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنمنٹ میں ریکارڈ 25 واں گرانڈ سلام خطاب جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے ۔ جوکووچ نے پیرس میں مردوں کے سنگلز میں گولڈ میڈل جیتا ہے اور اس دوڑ میں انہوں نے فائنل میں اپنے کٹر حریف کارلوس کو شکست دی۔ ان کے پاس 24 گرانڈ سلام سمیت کل 99 خطابات ہیں اور وہ یہاں اپنے خطابات کی سنچری مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ زیادہ سے زیادہ ہفتوں تک عالمی نمبر ایک کھلاڑی رہنے کا ریکارڈ بھی جوکووچ کے نام ہے۔ جوکووچ نے کہا لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ اب آپ نے گولڈ میڈل جیت لیا ہے، تو اب کیا حاصل کرنا باقی ہے، لیکن مجھے اب بھی مقابلہ کرنے کا احساس ہے۔ میں مزید تاریخ رقم کرنا چاہتا ہوں اور اپنے کیریئر کے اس دور سے بھرپور لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔ یو ایس اوپن کے پہلے راؤنڈ میں سربیا سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ کھلاڑی کا مقابلہ مالڈووا سے تعلق رکھنے والے 138ویں نمبر کے راڈو البوٹ سے ہوگا۔ یو ایس اوپن میں راجر فیڈررکے بعد کوئی بھی کھلاڑی لگاتار ٹورنمنٹ نہیں جیت سکا اور اب جوکووچ کے پاس یہ موقع ہے۔ فیڈرر نے 2004 سے 2008 تک لگاتار پانچ خطابات جیتے تھے۔ جوکووچ کو اس بار دوسرے مقام کا کھلاڑی قرار دیا گیا ہے ۔ امکان ہے کہ جوکووچ کو اسپین کے 21 سالہ کارلوس الکاراز کی جانب سے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا، لیکن وہ یو ایس اوپن میں پانچواں خطاب جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔