ایتھنز، 9 نومبر (آئی اے این ایس) سربیا کے عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے ایتھنز میں ہیلینک چمپئن شپ کا فائنل جیت کر اپنے کیریئر کا 101 واں خطاب حاصل کرلیا۔ 38 سالہ جوکووچ نے ایک اعصاب شکن تین گھنٹے کے میچ میں لورنزو موسیتی کو4-6، 6-3، 7-5 سے شکست دی۔ فیصلہ کن سیٹ میں دونوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، جہاں 13 بریک پوائنٹس اور پانچ مرتبہ سروِس ٹوٹنے کے مواقع دیکھنے میں آئے۔ اس کامیابی کے ساتھ جوکووچ نے ہارڈکورٹ پر اپنے 72 ٹور لیول خطابات مکمل کرلیے اور راجر فیڈرر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اوپن ایرا میں سب سے زیادہ ہارڈکورٹ ٹائٹلز جیتنے والے کھلاڑی بن گئے۔ موسیتی کے لیے یہ شکست خاص طور پر تکلیف دہ رہی کیونکہ وہ مسلسل چھٹے اے ٹی پی فائنل میں ناکام رہے۔ انہوں نے 2022 میں ہیملبرگ اور نیپلز میں اپنے دو ابتدائی خطابات جیتے تھے۔ جوکووچ نے جیت کے بعد کہا میں یہ جیت یونان کے شاندار لوگوں کے نام کرتا ہوں۔ موسیتی کے پاس موقع تھا کہ وہ فیلکس آگر الیاسیئم کو پیچھے چھوڑکر نِیٹو اے ٹی پی فائنلز کے لیے کوالیفائی کرلیں، مگر فائنل میں شکست نے ان کی امیدوں کو دھکا پہنچایا تاہم جوکووچ کی اے ٹی پی فائنلز سے دستبرداری کے بعد موسیتی کوموقع مل گیا۔