جوگو رامنا کو کابینہ میں شامل نہ کئے جانے پر نوجوان کا اقدام خودکشی

   

چیف منسٹر کے فیصلہ کا احترام کرنے پارٹی کارکنوں کو جوگورامنا کی ہدایت

عادل آباد۔/11ستمبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی کابینہ میں شامل نہ کرنے سے دلبرداشتہ ہونے والے عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر جوگو رامنا نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے پارٹی کی خاطر متحدہ طور پر عوامی خدمات انجام دینے پارٹی اراکین کو ہدایت دی۔ حالیہ ریاستی کابینہ میں توسیع کے دوران مسٹر جوگو رامنا کو نظرانداز کرنے کی بناء پر موصوف کابلڈ پریشر اضافہ ہوچکا تھا جس کے باعث وہ مسلسل تین دن تک فون بند رکھتے ہوئے ایک دواخانہ میں شریک زیر علاج تھے۔ آج دوپہر مستقر عادل آباد پہنچنے پر سینکڑوں مرد و خواتین نے مقامی رکن اسمبلی کا بلند نعروں کے ذریعہ استقبال کیا۔ اس موقع پر30 سالہ نوجوان پرشانت اپنے آپ پر کیروسین کا چھڑکاؤ کرتے ہوئے آگ لگاکر خودکشی کرنے کی کوشش کررہا تھا جس کو I ٹاؤن سرکل انسپکٹر مسٹر ٹی شرمن اور پولیس جوانوں نے قابو میں کرتے ہوئے مسٹر جوگو رامنا کے حمایتی کو اقدام خودکشی پر قابو پالیا۔ اس موقع پر مسٹر جوگو رامنا نے پنے اراکین کو اقدام خودکشی نہ کرنے اور مایوسی کا شکار نہ ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ مستقبل میں وزارت میں شامل ہونے کے مواقع فراہم ہوسکتے ہیں۔ مسٹر جوگو رامنا نے پارٹی اراکین کی ہمت افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی تعاون کی بنا پر ایک سرپنچ سے رکن اسمبلی تک کا سفر طئے ئے ہیں جبکہ اس دوران پانچ سالہ میعاد کے لئے ریاستی وزیر جنگلات ماحولیات ، بی سی ویلفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بعد ازاں مایوسی کا شکار مقامی رکن اسمبلی نے میڈیاکے نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزارت کے حصول میں کافی مقابلہ تھا اور متحدہ ضلع عادل آباد کے چند اراکین کی جانب سے اپنے وقار کو برقرار رکھنے کی غرض سے مسٹر جوگو رامنا کو ریاستی کابینہ میں شامل نہ کرنے اپنے سیاسی آقاؤں سے تال میل بنا رکھا تھا۔ اس موقع پر مسٹر یونس اکبانی ، ضلع پریشد چیرمین و دیگر موجود تھے۔