جو بائیڈن ڈیموکریٹس کے باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد

   

واشنگٹن۔ امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی نے سابق نائب صدر جو بائیڈن کو نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے باضابطہ طور پر اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔جو بائیڈن 3نومبر کو ہونے والے انتخاب میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا مقابلہ کریں گے جو ری پبلکن پارٹی کے ٹکٹ پر مسلسل دوسری مدت کے لیے صدارت کے امیدوار ہیں۔جو بائیڈن کی باضابطہ نامزدگی چار روزہ ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے دوسرے روز منگل کو عمل میں آئی ہے۔صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات اور کاکسز میں کئی فیصلہ کن ریاستوں میں فتح کے بعد جو بائیڈن کئی ماہ قبل ہی پارٹی کے متوقع امیدوار کے طور پر سامنے آگئے تھے۔جو بائیڈن کے مقابلے پر رہ جانے والے آخری امیدوار اور ورمونٹ سے منتخب سینیٹر برنی سینڈرز کی جانب سے رواں سال اپریل میں اپنی انتخابی مہم ختم کرنے اور جو بائیڈن کی حمایت کے اعلان کے بعد صدارتی انتخاب کے لیے بطور ڈیموکریٹ امیدوار ان کی نامزدگی یقینی ہو گئی تھی۔