واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی پہلی باضابطہ پریس کانفرنس میں کورونا وائرس وبائی امراض کیخلاف جنگ میں اپنی انتظامیہ کی طرف سے ٹیکہ اندازی کے ہدف کو دوگنا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈیموکریٹ صدر نے کہا کہ انکے دوراقتدار کے پہلے 100 دنوں میں 200 ملین امریکی باشندوں کو ویکسین لگائی جائیگی۔ امریکہ میں 100 ملین افراد کو ویکسین اعلان کردہ ڈیڈ لائن سے 42 دن پہلے ہی لگائی جا چکی ہے۔ 78 سالہ نئے امریکی صدر نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ 2024 ء کے صدارتی انتخابات میں اپنی دوسری مدت کیلئے حصہ لیں گے۔
