بی جے پی لیڈر اننت کمار ہیگڈے کے بیان پر چیف منسٹر راجستھان گہلوٹ کی شدید تنقید
جئے پور۔ 3فروری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اننت کمار ہیگڈے کے بیان پر شدید تنقید کی ہے کہ جیسا کہ اننت کمار نے مہاتما گاندھی کی زیرقیادت آزادی کی جنگ کو ’’ڈراما‘‘ قرار دیا ہے اور اس پر انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ بابائے قوم سے متعلق اس بیان پر انہیں کوئی افسوس بھی نہیں ہے۔ بی جے پی کے اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے راجستھان کے چیف منسٹر گہلوٹ نے کہا کہ بی جے پی کو آزادی کی جنگ ڈرامہ لگے گی کیونکہ انہوں نے ہندوستان کی آزادی میں نہ کبھی حصہ لیا ہے اور نہ ہی قربانی دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے بیانات سے بی جے پی قائدین کی ذہنیت کا اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ گاندھی جی کا نام ووٹ بینک کے لئے استعمال کرتے ہیں اور انہیں اس طرح کے بیانات پر افسوس بھی نہیں ہوتا۔ واضح رہے کہ سابق مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے نے کہا تھا کہ ’’آزادی کی جنگ جس کی قیادت گاندھی کررہے تھے ، وہ ایک ڈراما تھا‘‘۔